دورۂ بنگلہ دیش، ثقلین مشتاق کو عبوری ہیڈ کوچ برقرار رکھے جانے کا امکان

وقت کی کمی کے باعث سابق آف سپنر ہی فی الحال کوچ کی ذمے داریاں نبھائیںگے، کنسلٹنٹس کی مزید تعیناتی کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 4 نومبر 2021 11:49

دورۂ بنگلہ دیش، ثقلین مشتاق کو عبوری ہیڈ کوچ برقرار رکھے جانے کا امکان
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 4 نومبر 2021ء )  قومی کرکٹ ٹیم کے دورۂ بنگلہ دیش کیلئے سابق آف سپنر ثقلین مشتاق کے ہی عبوری ہیڈ کوچ رہنے کا امکان ہے ۔ ذرائع کے مطابق وقت کی کمی کے باعث ثقلین مشتاق ہی فی الحال کوچ کی ذمے داریاں نبھائیں گے جب کہ کنسلٹنٹس کی مزید تعیناتی کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر سے بھی کوچز کو سپورٹ سٹاف میں شامل کیا جا سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز کے بعد مستقل کوچز کی تقرری کا بھی امکان ہے۔ یاد رہے کہ 2 ماہ گزرنے کے باوجود پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ساتھ مستقبل ہیڈ کوچ کے تقرر کے لیے پی سی بی حکام ابھی تک کوئی لائحہ عمل تیار نہیں کرپائے۔ 6 ستمبر کو مصباح الحق اور وقار یونس کے مستعفی ہونے کے بعد اب تک نئے کوچز کی تقرری کے لیے اشتہار تک جاری نہیں نہیں ہوسکا۔

(جاری ہے)

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجا نے اپنی پہلی کانفرنس میں ٹیم کے ساتھ غیر ملکی کوچز کی تعیناتی کا عندیہ ضرور دیا تھا جس کے بعد وقت کی کمی کو جواز بنا کر ورلڈ کپ تک میتھیو ہیڈن کو بیٹنگ کنسلٹنٹ اور ورنن فیلنڈر کو بولنگ کنسلٹنٹ کی ذمہ داری سونپی گئی۔ ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے کوچز کیلئے اشتہار اور تقرری کا سارا عمل ایک ماہ میں مکمل ہونا ہے لیکن بورڈ حکام کی ساری توجہ ورلڈ کپ پر مرکوز ہے اور ایسی صورت حال میں ثقلین مشتاق کو ہی ٹیم کے ساتھ بنگلا دیش بھیجا جائے گا۔ مستقل کوچز کی تقرری کے لیے کاغذی کارروائی کا آغاز اگلے ہفتے سے متوقع ہے۔
وقت اشاعت : 04/11/2021 - 11:49:32

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :