میتھیو ہیڈن اور ورنن فلینڈر نے مختصر عرصے میں ہی پاکستانی کرکٹرز کے دل میں گھر کرلیا

کھلاڑیوں کو مصباح اور وقارکی کمی محسوس نہیں ہو رہی، طویل المدتی معاہدے کا امکان کم

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 6 نومبر 2021 13:10

میتھیو ہیڈن اور ورنن فلینڈر نے مختصر عرصے میں ہی پاکستانی کرکٹرز کے دل میں گھر کرلیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 6 نومبر 2021ء ) میتھیو ہیڈن اور ورنن فلینڈر نے مختصر عرصے میں ہی پاکستانی کرکٹرز کے دل میں گھر کرلیا جب کہ دونوں کوچز سے ٹیم خاصی خوش ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ نے عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی پریس کانفرنس میں اعلان کیا تھا کہ سابق آسٹریلوی بلے باز میتھیو ہیڈن اور جنوبی افریقہ کے سابق فاسٹ بولر ورنن فلینڈر کو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے لیے بیٹنگ اور باؤلنگ کوچنگ کنسلٹنٹ مقرر کیا گیا ہے۔

یہ فیصلہ ہیڈ کوچ مصباح الحق اور باؤلنگ کوچ وقار یونس کے ورلڈ کپ سے قبل اچانک مستعفی ہونے کے بعد کیا گیا۔ ہیڈن اور فلینڈر ہر کھلاڑی پر یکساں توجہ دیتے ہیں اور زبان کی رکاوٹ بھی ان کے کوئی آڑے نہیں آرہی۔

(جاری ہے)

ذرائع نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ہیڈن نے بلے بازوں کی تکنیک کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کی کوشش نہیں کی ہے اور زیادہ تر توجہ اس بات پر مرکوز ہے کہ میدان میں کھلاڑی کے اعتماد کو کیسے بہتر بنایا جائے۔

ادھر عبوری ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے بھی اپنے کام سے سب کو متاثر کیا ہے۔ ٹیم کے ایک اہلکار کا کہنا تھا کہ اس وقت کوچز پر کوئی دباؤ نہیں ہے کیونکہ ٹیم ابھی جیت رہی ہے، ان کا اصل امتحان تب شروع ہوگا جب نتائج ہمارے حق میں نہیں آئیں گے۔ تاہم اس بات کا امکان نہیں ہے کہ ہیڈن اور فلینڈر کو معاہدے میں توسیع کی پیشکش کی جائے گی۔ سابق آسٹریلوی سٹار اپنی دیگر کمٹمنٹس کی وجہ سے پی سی بی کے ساتھ طویل مدتی معاہدے میں دلچسپی نہیں رکھتے، لیکن مستقبل میں ضرورت پڑنے پر وہ مختصر مدت کے لیے دستیاب رہیں گے۔ واضح رہے کہ پی سی بی آئندہ چند روز میں کوچز کیلیے اشتہار جاری کرنے والا ہے۔
وقت اشاعت : 06/11/2021 - 13:10:03

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :