پاکستان کرکٹ ٹیم اپنا پانچواں میچ کل سکاٹ لینڈ کے خلاف شارجہ میں کھیلے گی

پاکستانی وقت کے مطابق میچ شام سات بجے شروع ہوگا … سکاٹ لینڈ کی ٹیم کو آسان نہیں لینگے ، پوری پلاننگ کے ساتھ میدان میں اترینگے ، بابر اعظم

ہفتہ 6 نومبر 2021 14:05

پاکستان کرکٹ ٹیم اپنا پانچواں میچ کل سکاٹ لینڈ کے خلاف شارجہ میں کھیلے گی
شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 نومبر2021ء) پاکستان کرکٹ ٹیم اپنا پانچواں میچ کل اتوار کو سکاٹ لینڈ کے خلاف شارجہ میں کھیلے گی ، پاکستانی وقت کے مطابق میچ شام سات بجے شروع ہوگا جبکہ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ سکاٹ لینڈ کی ٹیم کو آسان نہیں لینگے ، پوری پلاننگ کے ساتھ میدان میں اترینگے ۔تفصیلات کے مطابق پاکستانی ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شاندار کار کر دگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گروپ میں سب سے پہلے سیمی فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کر رکھا ہے ، پاکستاٹی ٹیم نے بھارت ، نیوزی لینڈ ، افغانستان اور نمیبیا کی ٹیموں کو شکست دی تھی ، پاکستانی ٹیم گروپ میں پانچواں میچ (آج) اتوار کو سکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلے گی ، پاکستانی وقت کے مطابق میچ شام سات بجے شروع ہوگا ۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز محمد حفیظ، شعیب ملک اور آصف علی نے پاور ہٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا،تینوں نے نیٹس میں پہلے پیسرز اور پھر اسپنرز کا سامنا کیا، آل رائونڈرز شاداب خان اور عماد وسیم کے بعد ٹیل اینڈرز کو بھی اچھی بیٹنگ پریکٹس کرائی گئی،اسسٹنٹ کوچ شاہد اسلم نے تھرو بولنگ پر بیٹسمینوں کی تکنیک آزماتے ہوئے مشورے بھی دئیے۔نیٹ سے باہر کھلے میدان میں بھی فل ٹاس گیندوں پر بڑے اسٹروکس کھیلنے کی مشق کرائی گئی، پیسرز شاہین شاہ آفریدی،حسن علی اور حارث رئوف برق رفتار گیندوں سے بیٹسمینوں کیلیے پریشانی پیدا کرنے کی کوشش کرتے رہے۔

حارث نے کئی خطرناک بائونسرز بھی کیے،وسیم جونیئر اور شاہنواز دھانی نے سینئرز اور بولنگ کنسلٹنٹ ورنون فلینڈر کی رہنمائی کا فائدہ اٹھانے کے ساتھ بیٹسمینوں کو اچھی پریکٹس میں بھی مدد دی۔شاداب خان اور عماد وسیم نے کوچ ثلقین مشتاق کی زیرنگرانی لائن و لینتھ بہتر بنانے پرکام کیا،لیگ اسپنر نے گگلی کو موثر بنانے کیلئے پریکٹس کا سلسلہ جاری رکھا، فیلڈنگ ڈرلز کے دوران بائونڈری کے قریب اونچے کیچز تھامنے اور سنگل وکٹ کو نشانہ بنانے کی مشق ہوئی،محمد رضوان نے الگ وکٹ کیپنگ پریکٹس کا سلسلہ بھی جاری رکھا۔
وقت اشاعت : 06/11/2021 - 14:05:32

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :