10ویں نیشنل وومن فٹ بال چمپئن شپ، بلوچستان اور واپڈا کی ٹیمیں فائنل میں پہنچ گئیں

بدھ 27 اگست 2014 20:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27اگست۔2014ء ) 10ویں نیشنل وومن فٹ بال چمپئن شپ کے سیمی فائنلز میں بلوچستان نے آرمی اور واپڈا نے دینا کلب کو شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ بلوچستان اور آرمی کے درمیان پنجاب سٹیڈیم میں ہونیوالے سیمی فائنل کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور تھے، جن کا دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے تعارف کرایا گیا، فائنل29اگست کو پنجاب سٹیڈیم میں ساڑھے تین بجے کھیلا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق 10ویں نیشنل وومن فٹ بال چیمپئن شپ کا پہلا سیمی فائنل بدھ کے روز بلوچستان اور پاک آرمی کی ٹیموں کے درمیان پنجاب سٹیڈیم میں کھیلا گیا جس میں بلوچستان نے آرمی کو 5-3سے شکست دیکر فائنل تک رسائی حاصل کرلی، بلوچستان کی طرف سے شلائلہ بلوچ اور حاجرہ نے 2،2گول کئے جبکہ سانتے مریم نے ایک گول کیا، آرمی کی طرف سے ملکہ نور نے دو اور ان کی بہن روشنان علی نے ایک گول کیا، اس موقع پر ڈی جی سپورٹس عثمان انور مہمان خصوصی تھے، ان کو دونوں ٹیموں کی کھلاڑیوں سے تعارف کرایا گیا ،دونوں ٹیموں نے ڈی جی سپورٹس عثمان انور کیساتھ گروپ فوٹو بنوائے۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب کھیلوں کے فروغ کیلئے دن رات کام کررہا ہے، ہر کھیل کے کھلاڑی کو سپورٹس بورڈ پنجاب بھرپور معاونت فراہم کررہا ہے جس کی وجہ سے ملکی سطح پر بہت بڑا ٹیلنٹ سامنے آیا ہے جس کی مثال ہماری کبڈی ٹیم ہے جو ورلڈ کبڈی لیگ میں ابھی تک ناقابل شکست ہے اور اس نے اپنے تینوں میچ جیتے ہیں، ہم نوجوانوں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ اپنا ٹیلنٹ لیکر ہمارے پاس آئیں ہم ان کے ٹیلنٹ کو نکھاریں گے بھی اور ان کو بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع بھی دیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں ڈی ڈجی سپورٹس نے کہا کہ انٹرنیشنل سپورٹس فیسٹیول کے فیز2میں بیرونی ممالک سے 55ٹیمیں آرہی ہیں ایک وقت تھاجب کوئی ٹیم پاکستان آنے کو تیارنہیں تھی آج صورتحال یہ ہے کہ انٹرنیشنل ٹیمیں شرکت کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب سے خود رابطہ کررہی ہیں،عثمان انور نے کہاکہ نومبر میں ورلڈ کبڈی لیگ کے میچز پاکستان میں ہوں گے جس میں صرف بھارت سے پانچ ہزار ٹورسٹ آئیں گے ورلڈ کبڈی لیگ کا فائنل بھی لاہور میں کرانے کی تیاریاں ہو رہی ہیں جس میں بھارت ، امریکہ ، کینیڈا، سمیت کئی ممالک سے ٹیمیں اورکھلاڑی شریک ہوں گے دوسرے سیمی فائنل میں واپڈا کی ٹیم دینا کلب کراچی کو 4-0سے ہرا کر فائنل میں پہنچ گئی، واپڈا کی طرف سے عاصمہ عثمان، نادیہ نذیر، شگفتہ اختر اور مہوش نے ایک ایک گول کیا، چیمپئن شپ کا فائنل 29اگست کو پنجاب سٹیڈیم میں ساڑھے تین بجے کھیلا جائے گا۔

وقت اشاعت : 27/08/2014 - 20:45:33

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :