ورلڈ کبڈی لیگ، لاہور لائنز اور خالصہ واریئرز کے درمیان مقابلہ (آج )نئی دلی میں ہوگا،

مقابلہ اندراگاندھی انڈور سٹیڈیم میں ہوگا، لاہور لائنز کی قیادت بابر وسیم گجر کرینگے،لاہور لائنز اب تک اپنے تینوں میچ جیت کر ناقابل شکست ہے، ہمارے کھلاڑی پرعزم اور پرجوش ہیں،انشاء اللہ انگلینڈ کی طرح بھارت سے بھی ہماری ٹیم فاتح بن کر لوٹے گی‘ ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور

جمعہ 29 اگست 2014 19:05

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29اگست۔2014ء) ورلڈ کبڈی لیگ کے دوسرے مرحلے میں سپورٹس بورڈ پنجاب کی کبڈی ٹیم لاہور لائنز آج ( ہفتہ )30اگست کودوسرے مرحلے میں اپنا دوسرا میچ بھارتی اداکار اکشے کمار کی ٹیم خالصہ واریئرز کیخلاف نئی دلی میں اندرا گاندھی انڈور سٹیڈیم میں کھیلے گی،لاہور لائنز کی قیادت بابروسیم گجر کررہے ہیں، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب کی ٹیم لاہور لائنز کی ورلڈ کبڈی لیگ میں کارکردگی شاندار رہی ہے، ہفتہ کو ہونیوالا میچ انتہائی اہم ہے ہمیں امید ہے کہ لاہور لائنز اپنی سابقہ روایت کو برقرار رکھتے ہوئے خالصہ واریئرز کو بھی شکست دے گی، ہمارے کھلاڑی بہت پرعزم اور پرجوش ہیں،انشاء اللہ انگلینڈ کی طرح بھارت سے بھی ہماری ٹیم فاتح بن کر لوٹے گی، ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہاکہ سپورٹس بورڈ پنجاب کی کاوشوں سے کبڈی کا کھیل ملک میں دن بدن مقبول ترین بنتا جارہا ہے، اب پنجاب کے ہر شہر میں کبڈی کھیلی جا رہی ہے، مستقبل میں عالمی سطح پر ہمارے کھلاڑیوں کی بہت ویلیو ہوگی اب بھی ہمارے کھلاڑی کبڈی کاؤنٹیز کھیل رہے ہیں، ہمیں اپنے شیروں پر فخر ہے اور ان کی کامیابی کیلئے دعاگو ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ لاہور لائنز ورلڈ کبڈی لیگ میں اب تک ناقابل شکست رہی ہے، اس نے اپنے تینوں میچ جیت کر ہیٹ ٹرک بھی مکمل کرلی ہے، لاہور لائنز کے دیگر کھلاڑیوں میں اکرم شہزاد، اکمل شہزاد، شفیق احمد، محمد رمضان، محمد خالد، ارشد محمود، محسن نصیر، نعیم طاہر، محمد اسلم، مطلوب علی، سیف اللہ اور محمد نعیم شامل ہیں، شبرحسین بٹ، رحمٰن اشتیاق اور خلیل احمد ریزور کھلاڑی ہوں گے۔ محمد وقاص اکبر ٹیم کے مینجر، غلام عباس بٹ کوچ اور محمد دین اسسٹنٹ کوچ ہوں گے۔لاہور لائنز کی ٹیم ورلڈ کبڈی لیگ میں 6پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ خالصہ واریئرز کے بھی 6پوائنٹس ہیں، یونائیٹڈ سنگھز اور یویوٹائیگرز کے 4،4 پوائنٹس ہیں۔

وقت اشاعت : 29/08/2014 - 19:05:47

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :