پاک بنگلادیش ٹیسٹ کے دوران سٹیڈیم کے باہر آتشزدگی، دھواں گراؤنڈ تک پہنچ گیا

آتشزدگی کے نتیجے میں دھواں سٹیڈیم تک آنے سے کھیل متاثر نہیں ہوا ،انتظامیہ نے کھیل کو جاری رکھا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 26 نومبر 2021 11:45

پاک بنگلادیش ٹیسٹ کے دوران سٹیڈیم کے باہر آتشزدگی، دھواں گراؤنڈ تک پہنچ گیا
چٹاگانگ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 نومبر 2021ء ) پاکستان اور بنگلادیش کے پہلے ٹیسٹ کے دوران سٹیڈیم کے باہر آگ لگ گئی۔ بنگلادیشی میڈیا کے مطابق چٹاگانگ کے چوہدری ظہور احمد سٹیڈیم سے ایک کلو میٹر دور واقع فیکٹری میں آگ لگ گئی جس کا دھواں سٹیڈیم کی طرف بھی آتا دکھائی دیا۔ مقامی میڈیا کا کہنا ہےکہ آگ بجھانے کا عمل جاری ہے اور آتشزدگی میں کسی بڑے نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

آتشزدگی کے نتیجے میں دھواں سٹیڈیم تک آنے سے کھیل متاثر نہیں ہوا اور انتظامیہ نے کھیل کو جاری رکھا۔ یاد رہے کہ چٹاگانگ کے ظہور احمد چوہدری سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں بنگلا دیش نے پہلے دن کے پہلے سیشن کے اختتام پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 69 رنز بنا لیے ہیں۔ بنگلا دیش کی جانب سے شادمان اسلام اور سیف حسن نے اننگز کا آغاز کیا تاہم دونوں اوپنرز 33 رنز پر پویلین لوٹ گئے، دونوں نے 14، 14 رنز بنائے جبکہ کپتان مومن الحق 6 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جبکہ نجم الحسن شنٹو نے 14 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل بنگلادیش کے کپتان مومن الحق نے ٹاس جیت کر پاکستان کیخلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بنگلا دیش کی جانب سے یاسر علی جبکہ پاکستان کی جانب سے 22 سالہ عبداللہ شفیق ٹیسٹ ڈیبیو کر رہے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کرنیوالے عبداللہ شفیق کو کپتان بابر اعظم نےگرین کیپ دی۔ قومی ٹیم میں کپتان بابر اعظم کے علاوہ نائب کپتان محمد رضوان، عابد علی، عبداللہ شفیق، اظہر علی، فواد عالم، حسن علی، نعمان علی، شاہین شاہ آفریدی، ساجد خان اور فہیم اشرف شامل ہیں جبکہ سعود شکیل، امام الحق، سرفراز احمد، محمد نواز، زاہد محمود اور نسیم شاہ ریزرو کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔
وقت اشاعت : 26/11/2021 - 11:45:49

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :