جی سی یونیورسٹی فیصل آباد میں کل انٹر یونیورسٹی بیڈمنٹن وویمن چیمپین شپ کی اختتامی تقریب

جمعہ 26 نومبر 2021 12:11

جی سی یونیورسٹی فیصل آباد میں کل انٹر یونیورسٹی بیڈمنٹن وویمن چیمپین شپ کی اختتامی تقریب
مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 نومبر2021ء) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے شعبہ ہیلتھ اینڈ فزیکل ایجوکیشن کے زیر انتظام کل پاکستان انٹر ورسٹی بیڈ منٹن وویمن چیمپین شپ کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان بھر سے 30 سے زائد ٹیموں نے شرکت کی، ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے ہونے والے ان مقابلہ جات میں تیس سے زائد ٹیموں نے حصہ لیا، جس میں یونیورسٹی آف پنجاب نے فائنل مقابلہ اپنے نام کر لیا۔

یونیورسٹی آف لاہور نے دوسری جبکہ تیسری پوزیشن یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور نے حاصل کی۔ پوزیشن ہولڈر کھلاڑیوں کے اعزاز میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین سپورٹس بورڈ جی سی یونیورسٹی فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر ناصر امین تھے۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر ناصر امین نے اپنے خطاب میں کہا کہ علم، امن کے فروغ، نوجوانوں کی کردار سازی اور سوسائٹی میں اعتدال پسند روایے لانے کے لیے اعلی تعلیمی ادارے، سپورٹس اور دیگر صحت مند ثقافتی سرگرمیوں کی سرپرستی کریں۔

انہوں نے کہا کہ جی سی یونیورسٹی فیصل آباد کی تعلیمی اقدار اور تربیت میں سپورٹس سرگرمیوں کو مرکزیت حاصل ہے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سپورٹس جی سی یونیورسٹی فیصل آباد محمد رفیق واہلہ نے کہا کہ ہمارے ہاں کھلاڑیوں کو قومی معیار کے گراؤنڈز اور دیگر سپورٹس سہولیات فراہم کی گئی ہیں اور کھلاڑیوں کے اندر چھپے ہوئے ٹیلنٹ کو نمایاں کرنے کے لیے سپورٹس بورڈ بھرپور توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی ادارے میں تسلی بخش تعلیمی نتائج سپورٹس سرگرمیوں کو نظر انداز کیے بغیر حاصل نہیں کیے جا سکتے۔ انہوں نے اس موقع پر وائس چانسلر جی سی یونیورسٹی فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر شاہد کمال کا شکریہ ادا کیا جن کے خصوصی تعاون اور کوششوں سے چیمپین شپ کا انعقاد جی سی یونیورسٹی فیصل آباد میں ممکن ہو پایا ہے۔
وقت اشاعت : 26/11/2021 - 12:11:54

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :