آل پاکستان انٹر یونیورسٹی والی بال چیمپئن شپ لاہور گیرژن نے جیت لی

جمعہ 26 نومبر 2021 16:40

آل پاکستان انٹر یونیورسٹی والی بال چیمپئن شپ لاہور گیرژن نے جیت لی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 نومبر2021ء) لاہور گیرژن نے آل پاکستان انٹر یونیورسٹی والی بال چیمپئن شپ جیت لی۔آل پاکستان ہائر ایجوکیشن کمشن (ایچ ای سی ) انٹر یونیورسٹی والی بال چیمپئن شپ کے فائنل میں لاہور گیرژن یونیورسٹی نے یونیورسٹی آف پشاور کو ہرا کر ٹرافی اپنے نام کر لی۔ فائنل بیسٹ آف فائیو سیٹس پر مشتمل تھا جس میں لاہور گیرژن نے پہلے تین سیٹ جیت کر کامیابی حاصل کر لی، اس نیشنل لیول کے ایونٹ کی میزبانی نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگوئجز (نمل) کر رہی تھی، جس میں سندھ، خیبر پختونخوا، پنجاب اور گلگت بلتستان کی 14ٹیمیں شرکت کر رہی تھیں ، تمام میچز نمل میں منعقد کیے گئے اور ٹورنامنٹ23نومبر سے 26نومبر تک جاری رہا اور تمام میچز ناک آوٹ کی بنیاد پر کھیلے گئے، سیمی فائنل میں 4ٹیمیں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئیں ،جس میں مذکورہ بالا ٹیمیں ہی فائنل تک رسائی حاصل کر سکیں ، اختتامی تقریب نمل جمنازیم میں منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی ریکٹر نمل میجر جنرل (ر) محمد جعفر تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے مختصر خطاب میں فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں دونوں ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا اور خاص طور پر لاہور گیرژن یونیورسٹی کو جیتنے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ تمام میچز میں ٹیموں نے سپورٹس مین شپ کوعملی مظاہرہ کیا اور یہی کھیل کا حسن ہے۔ انہوں نے فاتح ٹیم کو وننگ ٹرافی پیش کی اور رنراپ ٹیم کو بھی پرائز دیئے ۔
وقت اشاعت : 26/11/2021 - 16:40:44

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :