مظفرگڑھ ،چھٹی تھل ڈیزرٹ جیپ ریلی کے کوالیفائنگ مقابلے مکمل

جمعہ 26 نومبر 2021 17:35

مظفرگڑھ ،چھٹی تھل ڈیزرٹ جیپ ریلی کے کوالیفائنگ مقابلے مکمل
مظفرگڑھ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 نومبر2021ء) چھٹی تھل ڈیزرٹ جیپ ریلی کے کوالیفائنگ مقابلے مکمل ہو چکے ہیں۔ کوالیفائنگ مقابلوں میں صاحبزادہ محمد علی سلطان نے 3 کلومیٹر کا ٹریک 1 منٹ اور 31 سیکنڈ میں مکمل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ زین محمود نے ٹریک 1 منٹ 32 سیکنڈ میں ٹریک مکمل کر کے دوسری پوزیشن جبکہ شیراز قریشی نے ٹریک 1 منٹ 33 سیکنڈ میں کر کے  تیسری پوزیشن حاصل کی۔

قبل ازیں ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ سید موسیٰ رضا نے پلوشہ حیات خان کی گاڑی کو ٹریک پر روانہ کر کے کوالیفائنگ مقابلوں کا افتتاح کیا۔ کوالیفائنگ مقابلوں میں 109 گاڑیوں نے حصہ لیا جن میں 41 پری پیریڈ کیٹگری 60 سٹوک کیٹیگری جبکہ 8 خواتین کیٹیگری کی گاڑیاں شامل تھی۔ اس موقع پر ڈی پی او حسن اقبال، اے ڈی سی ریونیو شاہ رخ، ممبر صوبائی اسمبلی نیاز احمد گشکوری، چیرمین زکوٰۃ کمیٹی مہر عبد الحسین ترگڑ اور اے سی کوٹ ادو ڈاکٹر فیاض بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے کہا کہ تھل ڈیزرٹ جیپ ریلی مظفرگڑھ کی پہچان بن گئی ہے۔ جیپ ریلی کے مقابلے میں حصہ لینے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اس سال 109 گاڑیاں مقابلے میں حصہ لے رہی ہیں ۔جن میں 8 خواتین کی گاڑیاں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر ان مقابلوں کو بہتر سے بہتر بنانے کی کوشش کرتی رہے گی اور ضلع کی عوام کو ایک بہتر تفریح فراہم کرتی رہے گی۔

ڈی پی او حسن اقبال نے کہا کہ 195 کلومیٹر سے زائد لمبے ٹریک پر  مقابلوں میں حصہ لینے والے تمام ڈرائیورز حضرات اور ان کی گاڑیوں کی حفاظت کے لیے مکمل انتظامات کیے گئے ہیں۔ سکیورٹی کے لیے 300 سے زائد پولیس اہلکار ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں۔ کوالیفائنگ مقابلوں کے سٹوک کیٹیگری میں یاسر احمد نے پہلی پوزیشن ،سید آصف امام نے دوسری جبکہ تیمور خواجہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔  خواتین کیٹیگری میں رباب سلطان نے پہلی ، پلوشہ حیات نے دوسری جبکہ ندا واسطی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ 27 نومبر کو سٹاک اور خواتین کیٹیگری کے فائنل مقابلے ہونگے جبکہ 28 نومبر کو پری پیریڈ کیٹگری کے فائنل مقابلے ہونگے۔
وقت اشاعت : 26/11/2021 - 17:35:14

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :