جونیئر ہاکی ورلڈکپ، پاکستان نے مصر کو 1-3 گول سے ہرا دیا، رضوان علی کی ہیٹ ٹرک

ہفتہ 27 نومبر 2021 12:13

جونیئر ہاکی ورلڈکپ، پاکستان نے مصر کو 1-3 گول سے ہرا دیا، رضوان علی کی ہیٹ ٹرک
بھوبنیشور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 نومبر2021ء) :جونیئر ہاکی ورلڈکپ میں پاکستان نے رضوان علی شاندار ہیٹ ٹرک کی بدولت مصر کو 1-3 گول سے ہرا کر ٹورنامنٹ میں پہلی کامیابی حاصل کر لی، قومی ٹیم اپنا آخری پول میچ پرسوں اتوار کو ارجنٹائن کے خلاف کھیلے گی۔ ایف آئی ایچ کے زیر اہتمام 12 ویں جونیئر ہاکی ورلڈ کپ کے دلچسپ مقابلے بھارت کے شہر بھوبنیشور میں جاری ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق گروپ ڈی میں پاکستان نے مصر کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر پہلی فتح سمیٹ لی۔ قومی ٹیم کی طرف سے رضوان علی نے غیر معمولی کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہیٹ ٹرک سکور کی۔ انہوں نے کھیل کے 19ویں، 32ویں اور 53ویں منٹ میں پنلٹی کارنرز پر گول سکو کئے۔ کپتان معین شکیل کو شاندار کھیل پیش کرنے پر مرد میدان قرار دیا گیا۔ معین شکیل کا کہنا ہے کہ کوچ کے دیئے گئے پلان پر عمل کیا اور پنلٹی کارنرز حاصل کئے جس کا فائدہ اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ ارجنٹائن کے خلاف بہتر میچ حکمت عملی اپنائیں گے۔ واضح رہے کہ پاکستان اپنا پول کا آخری میچ پرسوں اتوار کو ارجنٹائن کے خلاف کھیلے گا۔
وقت اشاعت : 27/11/2021 - 12:13:25

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :