وہاب ریاض نے ورلڈ کپ 2023ء کھیلنے کو ہدف بنالیا

دنیا بھر میں لیگز کھیل رہا ہوں مگر ملک کیلئے کھیلنا اولین ترجیح ،ٹیم کو کافی مس کررہا ہوں، امید ہے محنت کا صلہ ملے گا: انٹرویو

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 29 نومبر 2021 15:30

وہاب ریاض نے ورلڈ کپ 2023ء کھیلنے کو ہدف بنالیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 29 نومبر 2021ء ) ٹیسٹ کرکٹر وہاب ریاض نے آئندہ سال آسٹریلیا میں شیڈول ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ اور 2023ء میں شیڈول کرکٹ ورلڈ کپ کھیلنے کو ہدف بنا لیا ۔ ایک انٹرویو میں 36 سالہ وہاب ریاض نے کہا کہ پاکستان کے لیے کم بیک پر نظریں ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ وہ مزید 3 سال ملک کے لیے کھیل سکتے ہیں، آئندہ برس آسٹریلیا میں ہونے والے ٹونٹی ورلڈ کپ اور 2023ء میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ پر نظریں ہیں ۔

(جاری ہے)

وہاب ریاض نے کہا کہ دنیا بھر میں کرکٹ لیگز کھیل رہا ہوں مگر ملک کے لیے کھیلنا اولین ترجیح ہے، ٹیم کو کافی مس کر رہا ہوں، امید ہے محنت کا صلہ ملے گا ۔ ملک میں کرکٹ کی واپسی پر بات کرتے ہوئے وہاب ریاض نے کہا کہ پی ایس ایل کی وجہ سے دنیا کو معلوم ہوا کہ پاکستان کھیلوں کے لیے اب محفوظ ملک ہے۔ 36 سالہ وہاب ریاض نے 2008ء سے اب تک 27 ٹیسٹ، 91 ون ڈے اور 36 ٹی ٹونٹی میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔ انہوں نے 2011ء ، 2015ء اور 2019ء کے ورلڈ کپس کے 20 مقابلوں میں 26.45 کی اوسط سے 35 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں اور وسیم اکرم کے بعد میگا ایونٹ میں زیادہ وکٹیں لینے والے پاکستانی بائولر ہیں ۔                                     
وقت اشاعت : 29/11/2021 - 15:30:37

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :