ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے اہم اجلاس

منگل 30 نومبر 2021 00:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 نومبر2021ء) ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان اور نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے میچز کے حوالے سے محکمہ داخلہ سندھ میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ قاضی شاہد پرویز نے کی۔ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ غلام نبی میمن، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز امیر شیخ، ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن مقصود احمد، کمانڈنٹ ایس ایس یو ذیشان شفیق صدیقی، ایس ایس پی ایسٹ قمر رضا جسکانی، ایس ایس پی ساتھ زبیر، آرمی، رینجرز اور پی سی بی کے حکام اور تمام اسٹیک ہولڈرز نے اجلاس میں شرکت کی۔

ڈی آئی جی سیکیورٹی مقصود احمد نے میچز کے دوران کئے جانے والے سیکورٹی انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ سیکیورٹی ڈویژن کے اہلکار بشمول ایس ایس یو کمانڈوز اور لیڈی کمانڈوز دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے ساتھ نیشنل اسٹیڈیم کراچی، کراچی ایئرپورٹ، شاہراہوں، ہوٹلز اور دیگر مقامات پر سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے جب کہ حساس مقامات پر شارپ شوٹرز بھی تعینات کیے جائیں گے۔ شرکا نے دورہ کرنے والی ٹیم کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کا عزم کیا اور میچز کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کا فیصلہ کیا۔
وقت اشاعت : 30/11/2021 - 00:31:23

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :