کانپور ٹیسٹ ڈرا ہونے کے باوجود راہول ڈریوڈ کا گرائونڈ سٹاف کیلئے نقد انعام

بھارتی کرکٹ ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ نے نیوزی لینڈ کیخلاف پہلے ٹیسٹ کی پِچ توقعات سے زیادہ اچھی تیار کرنے پر گراؤنڈ سٹاف کو 35 ہزار روپے انعام دیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 30 نومبر 2021 12:47

کانپور ٹیسٹ ڈرا ہونے کے باوجود راہول ڈریوڈ کا گرائونڈ سٹاف کیلئے نقد انعام
نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 30 نومبر 2021ء ) بھارت اور نیوزی کے درمیان دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ کانپور کے گرین پارک گراؤنڈ میں کھیلا گیا جو 5 ویں دن سنسنی خیز مقابلے کے بعد ڈرا ہوگیا، میچ کے بعد انڈین کرکٹ ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کی پِچ توقعات سے زیادہ اچھی تیار کرنے پر گراؤنڈ سٹاف کو 35 ہزار روپے کا انعام دیا۔

رپورٹس کے مطابق کان پور کے گراؤنڈ 'گرین پارک' کی پِچ کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہاں ٹیسٹ میچ 5 ویں دن تک نہیں پہنچتا اور پِچ میں غیر معمولی تبدیلیاں رونما ہونے کے باعث میچ تیسرے دن ہی ختم ہوجاتا ہے۔ میچ سے قبل اس حوالے سے بھی کئی سرگوشیاں تھیں کہ بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ پانچ دن سے پہلے ہی ختم ہوجائے گا پر ایسا نہ ہوا اور میچ پانچویں دن سنسنی خیز مقابلے کے بعد ڈرا ہوا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کانپور میں ہونے والا ٹیسٹ سنسنی خیز لمحات میں داخل ہونے کے بعد ڈرا ہوگیا،جہاں بھارتی ٹیم کو جیت کے لیے صرف ایک وکٹ درکار تھی وہاں خراب روشنی کے باعث کھیل کو روکنا پڑا۔ ٹیسٹ کے آخری روز نیوزی لینڈ نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنالیے تھے ، رویندرا اور پٹیل بھارتی بولرز کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے تھے، ایسے میں امپائر نے روشنی کا جائزہ لیا اور میدان میں مطلوبہ روشنی نہ ہونے کے باعث میچ کو روک دیا گیا۔

میچ کی پہلی اننگز میں بھارت نے 345 رنز بنائے جس کے جواب میں کیوی ٹیم 296 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوئی۔بھارت نے اپنی دوسری اننگز 7 کے نقصان پر 234 رنز بنا کر ڈکلیئر کی تو اس کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 284 رنز کا ہدف ملا تھا۔چوتھے روز کھیل کے اختتام پر نیوزی لینڈ نے 4 رنز بنالیے تھے تاہم وہ ول ینگ کی صورت میں ایک وکٹ گنواچکے تھے۔آخری روز نیوزی لینڈ نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے جہاں اس نے اس اننگز میں مجموعی طور پر 98 اوورز کھیلے۔
وقت اشاعت : 30/11/2021 - 12:47:12

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :