آپ سب کی محبت کا شکریہ، ورنن فلینڈر کا قومی ٹیم کے نام الوداعی پیغام

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے قبل پاکستانی ٹیم کیساتھ گزرا 2 ماہ کا عرصہ شاندار رہا،تمام کھلاڑیوں نے بہترین رسپانس دیا، ٹیم منیجمنٹ نے بہت حوصلہ افزائی کی: بائولنگ کنسلٹنٹ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 30 نومبر 2021 13:26

آپ سب کی محبت کا شکریہ، ورنن فلینڈر کا قومی ٹیم کے نام الوداعی پیغام
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 30 نومبر 2021ء ) قومی ٹیم کے سابق بائولنگ کوچ ورنن فلینڈر نے جنوبی افریقہ روانگی سے قبل اردو میں ٹیم کے نام محبت بھرا پیغام جاری کردیا ۔ سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں 36 سالہ ورنن فلینڈر نے اردو میں لکھا کہ ’’آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے قبل لاہور سے شروع ہونے والا میرا پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ گزرا 2 ماہ کا عرصہ نہایت شاندار رہا۔

اس دوران تمام کھلاڑیوں نے بہترین رسپانس دیا اور ٹیم منیجمنٹ نے میری بہت حوصلہ افزائی کی۔ آپ سب کی محبت کا شکریہ‘‘۔
واضح رہے کہ پاکستان ٹیم کے بائولنگ کنسلٹنٹ ورنن فلینڈر نے قومی ٹیم کے ساتھ اپنے الوداعی خطاب میں کہا ہے کہ انہیں پاکستان ٹیم میں گھر جیسا ماحول ملا ہے۔

(جاری ہے)

بولنگ کنسلٹنٹ ورنن فیلنڈر نے قومی کرکٹرز کے ساتھ الوداعی بیٹھک کی ۔

انہوں نے کہا کہ ابھی صرف 5 فیصد فرق آیا ہے، مزید بہتر کرنا ہے۔ بائولنگ کنسلٹنٹ کا کہنا تھا کہ آپ سب کو چیلنج دے کر جارہا ہوں یہاں سے معیار بہتر کرنا ہے۔
واضح رہے کہ اومی کرون کے پھیلاؤ کے پیشِ نظر جنوبی افریقا کی فلائٹس کی بندش کے باعث ورنن فیلنڈر قومی ٹیم سے علیحدہ ہو کر اپنے وطن روانہ ہورہے ہیں۔
وقت اشاعت : 30/11/2021 - 13:26:33

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :