آئی سی آر سی پریذنٹس ایس اے ایف نیشنل ڈس ایبلڈ ٹی20کرکٹ چیمپئن شپ

جمعہ 3 دسمبر 2021 00:09

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2021ء) آئی سی آر سی پریذنٹس ایس اے ایف نیشنل ڈس ایبلڈ ٹی20کرکٹ چیمپئن شپ کا فائنل آج اسلام آباد ڈس ایبلڈ اور بہاولپور ڈس ایبلڈ کی ٹیموں کے درمیان معین خان کرکٹ اکیڈمی گرائونڈکراچی پر کھیلا جائے گا ۔پاکستان فزیکل ڈس ایبلٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیر انتظام جاری نیشنل چیمپئن شپ کے پہلے سیمی فائنل میں اسلام آباد ڈس ایبلڈ نے پشاور ڈس ایبلڈ کو اور دوسرے سیمی فائنل میں بہاولپور ڈس ایبلڈ نے کراچی ڈس ایبلڈ کو شکست دے کر ٹائٹل میچ میں جگہ بنائی تھی۔

بہاولپور ڈس ایبلڈ کی ٹیم نے پہلی بار نیشنل چیمپئن شپ کے فائنل میں جگہ بنائی ہے جبکہ اسلام آباد کی ٹیم کا یہ مسلسل دوسرا فائنل ہوگا ۔گزشتہ چیمپئن شپ میں اسلام آباد ڈس ایبلڈ کو فائنل میں ملتان ڈس ایبلڈ نے شکست دی تھی ۔

(جاری ہے)

بہاولپور ڈس ایبلڈ کے کپتان محمد شہزادکا فائنل کے حوالے سے کہنا تھا کہ ہم نے لیگ میچوں سے ہی عمدہ کھیل پیش کیا ہے ،ناک آئوٹ میچوں میں ہم نے پہلے ملتان کو ملتان میں اور پھر کراچی کو کراچی میں شکست دی ہے ،ہماری ٹیم کے حوصلے بہت بلند ہیں ،ہماری کوشش ہوگی کہ کامیابی کے اس سلسلے کوفائنل میں بھی برقرار رکھیں ۔

محمد نعمان ہمارا ہتھیار ثابت ہونگے جو نیشنل ایونٹ میں مسلسل چار بار مین آف دی میچ ایوارڈ حاصل کر چکے ہیں ۔دوسری جانب اسلام آباد ڈس ایبلڈ کے کپتان عثمان پراچہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کی ٹیم ٹورنامنٹ میں اب تک مسلسل چار میچز جیت چکی ہے ۔ہم نے کوارٹر فائنل میں ایبٹ آباد اور پھر سیمی فائنل میں پشاور جیسی مضبوط ٹیموں کو شکست دے رکھی ہے ،ہمارے بیٹسمین اور بالرز مسلسل عمدہ کھیل پیش کر رہے ہیں ،فائنل میں بھی عمدہ کھیل پیش کر کے ٹرافی جیتنے کی کوشش کریں گے ،ہماری کوشش ہوگی کہ ماضی کی غلطیوں کو نہ دہرایا جائے ۔

انٹر نیشنل ڈے فار پیپلز ود ڈس ایبلٹی (معذوروں کا عالمی دن ) کے موقع پر شیڈول کیا گیانیشنل ڈس ایبلڈ ٹی20کرکٹ چیمپئن شپ کا فائنل پاکستان فزیکل ڈس ایبلٹی کے یو ٹیوب چینل ’’پاکستان ڈس ایبلڈ کرکٹ ایسوسی ایشن ‘‘ پر براہ راست نشر کیا جائے گا ۔
وقت اشاعت : 03/12/2021 - 00:09:43

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :