اظہر محمود اسلام آباد یونائیٹڈ‌ کے ہیڈ کوچ مقرر

یوہان بوتھا کی عدم موجودگی میں اظہر محمود پی ایس ایل کی کامیاب ترین فرنچائز کی کوچنگ کریں گے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 3 دسمبر 2021 11:23

اظہر محمود اسلام آباد یونائیٹڈ‌ کے ہیڈ کوچ مقرر
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 3 دسمبر 2021ء ) قومی ٹیم کے سابق آل راؤنڈر اظہر محمود نے بطور ہیڈ کوچ پی ایس ایل کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کو جوائن کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کی فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے سابق آل راؤنڈ اظہر محمود پی ایس ایل 7 کیلئے بطور ہیڈ کوچ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں شامل ہوں گے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ انتظامیہ کے مطابق گزشتہ سال کے ہیڈ کوچ یوہان بوتھا آسٹریلیا میں ہونے کی وجہ سے اس سیزن میں ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔ بوتھا کی قیادت میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے گزشتہ سیزن میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ واضح رہے کہ 46 سالہ اظہر محمود نے 1997ء سے 2007ء کے دوران پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 21 ٹیسٹ اور 143 ون ڈے میچز کھیلے، اس کے علاوہ وہ انگلینڈ، نیوزی لینڈ، بھارت، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز میں لیگ کرکٹ کھیلتے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اظہر محمود پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے ٹائٹل جیتنے والے سکواڈ کا بھی حصہ تھے۔ اظہر محمود نے 2016ء سے 2019ء تک پاکستان ٹیم کے بولنگ کوچ رہے، حال ہی میں انہیں 2021ء کے موسم سرما میں انگلینڈ کی قومی ٹیم کے مشیر کے طور پر لیا گیا تھا، وہ دی 100 میں اوول انوینسیلبز کے بولنگ کوچ کے عہدے پر بھی فائز رہے۔ سابق بولنگ کوچ کا کہنا تھا کہ میں پی ایس ایل ون میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹائٹل جیتنے والی ٹیم کا حصہ تھا۔

فرنچائز اور جڑواں شہر اسلام آباد اور راولپنڈی میرے آبائی شہر ہونے کے ناطے میرے دل کے کافی قریب ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شاداب سے لے کر آصف علی اور حال ہی میں محمد وسیم سب نے اپنے کیریئر کا آغاز یونائیٹڈ سے کیا، یہ ناصرف مقامی کھلاڑیوں بلکہ کوچز کو تیار کرنے کا ایک بہترین پلیٹ فارم ہے۔
وقت اشاعت : 03/12/2021 - 11:23:17

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :