پی ایس ایل 7 کا پہلا مرحلہ 27 جنوری کرنے کی منصوبہ بندی

پی ایس ایل کی ڈرافٹنگ 12 دسمبر سے لاہور میں ہی کرانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے: ذرائع

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 3 دسمبر 2021 16:53

پی ایس ایل 7 کا پہلا مرحلہ 27 جنوری کرنے کی منصوبہ بندی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 3 دسمبر 2021ء ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے انعقاد کے لیے معاملات کو اگلے ایک دو روز میں حتمی شکل دینے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ نے پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن کے تمام معاملات کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کا پہلا مرحلہ 27 جنوری سے شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے جس کے لیے روزانہ کی بنیاد پر میٹنگز کا سلسلہ جاری ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ پی ایس ایل 7 کی ڈرافٹنگ 12 دسمبر سے لاہور میں ہی کرانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی ایس ایل 7 کے معاملات کے اعلانات کا آغاز آج سے شروع ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

 واضح رہے کہ پی ایس ایل 7 کا یو اے ای لیگ سے ٹکراؤ کا امکان ہے جو اگلے سال کے اوائل میں امارات میں شروع ہونے والی ہے۔ فرنچائزز نے پی ایس ایل کا اگلا ایڈیشن جنوری کے آخر میں شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔

ذرائع نے یہ بھی انکشاف کیا کہ اماراتی کرکٹ بورڈ UAE T20 لیگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کو شامل کرنا چاہتا ہے لہذا وہ پی ایس ایل کے ساتھ کسی تصادم سے بچنے کے لیے مقابلے کی تاریخوں میں ردو بدل کر سکتے ہیں۔ یو اے ای ٹی ٹونٹی لیگ کے حکام کی جانب سے پہلے ہی کئی عالمی T20 ستاروں کو بڑی تنخواہوں کی پیشکش کی جا چکی ہے جس سے ممکنہ طور پر PSL کی جانب سے ٹاپ کھلاڑیوں کو راغب کرنے کی امیدوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

رمیز راجہ نے فرنچائز کے مالکان سے بھی کہا تھا کہ وہ اعلیٰ درجے کے کھلاڑیوں کو راغب کرنے کے لیے بجٹ کو تھوڑا اور بڑھا دیں۔ کافی بحث کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ اگر کوئی عالمی ٹی ٹونٹی سٹار پی ایس ایل میں آنے کے لیے راضی ہوتا ہے تو اسے بیف اپ سیلری پیکج دیا جائے گا۔
وقت اشاعت : 03/12/2021 - 16:53:02

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :