کوئٹہ ،پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ زیرے کی حلقہ پی بی 31میں سپورٹس گرائونڈ کی تعمیر سے متعلق قرارداد متفقہ طورپر منظور

جمعہ 3 دسمبر 2021 23:57

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 دسمبر2021ء) بلوچستان اسمبلی نے پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ زیرے کی حلقہ پی بی 31میں سپورٹس گرائونڈ کی تعمیر سے متعلق قرارداد متفقہ طورپر منظورکرلی ۔جمعہ کے روز بلوچستان اسمبلی میں پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ زیرے نے حلقہ پی بی 31مشرقی بائی پاس خلجی کالونی ،سریاب مل ،بڑیچ آباد کلی شاہنواز ،شہید عثمان چوک واطراف ،فقیرآباد ،کلی علی زئی ،کلی شمسوزئی میں سپورٹس گرائونڈ نہ ہونے سے متعلق قرارداد پیش کی قرا ر داد کی موزونیت پر بات کرتے ہوئے نصراللہ زیرئے نے کہا کہ کوئٹہ تیس لاکھ نفوس پر مشتمل آبادی کا شہر ہے لیکن شہر میں چند ایک ہی اسٹیڈیم ہیں پورے شہر میں نوجوانوں کے لئے کھیلوں کی سہولیات نہیں ہیں میرا حلقہ ایسٹرن بائی پاس پرواقع ہے یہ ایک وسیع و عریض حلقہ ہے لیکن پورے حلقے میں کوئی سپورٹس گرائونڈ پر توجہ نہیں دی گئی دوسری جانب میرے ہی حلقے میں سینکڑوں ایکڑ پر پورے شہر کا کچرہ لا کر پھینک دیا جاتا ہے جس سے نا قابل برداشت بد بو پھیلتی ہے ایک جانب بجٹ میں صوبے میں بائیس سپورٹس گرائونڈ بنانے کے منصوبے شامل کئے گئے ہیں لیکن میرے حلقے میں ایک منصوبہ بھی نہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے استدعا کی کہ قرار داد منظور کرتے ہوئے حلقے میں گرائونڈ بنایا جائے ۔ اس مقصد کے لئے سرکاری اراضی بھی موجود ہے ۔ سابق صوبائی وزیر میر سلیم کھوسہ نے قرار داد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ جام کمال خان کے دور میں صوبے میں سپورٹس گرائونڈ بنانے پر کافی کام ہوا ان منصوبوں کو عوام میں پذیرائی ملی۔ کھیلوں سے نوجوانوں کو مثبت اور صحت مندانہ سرگرمیوں میں شرکت کے مواقع ملتے ہیں ۔

میرے حلقے میں سپورٹس گرائونڈ کا بھی منصوبہ ہے پانچ کروڑ روپے کی لاگت سے اس کی چاردیواری تقریبا مکمل ہوچکی ہے تاہم شنید ہے کہ موجودہ حکومت سپورٹس گرائونڈ کے منصوبے ختم کرنے جارہی ہے اس حوالے سے صوبائی وزیر پی اینڈ ڈی میر ظہوری بلیدی کا بیان بھی آیا ہے اگر انہیں اپنے حلقے میں گرائونڈ ز کی ضرورت نہیں تو بھلے ختم کردیں لیکن ہم اپنے حلقے میں سپورٹس گرائونڈ کا منصوبہ ختم کرنے نہیں دیں گے ضرورت پڑی تو ہر سطح پر جائیں گے انہوںنے زور دیا کہ سابق وزیراعلی کے دور میں شروع ہونے والے تمام سپورٹس گرائونڈز کے منصوبوں پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے ۔ بعدازاں ایوان نے قرار داد متفقہ طور پر منظور کرلی ۔
وقت اشاعت : 03/12/2021 - 23:57:08

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :