ڈھاکا ٹیسٹ: ساجد خان نے بنگلادیشی بلے بازوں کو چکرا دیا، 6 وکٹیں لے اڑے

بنگلہ دیش کو فالو آن بچانے کے لیے مزید 25 رنز درکار،پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 4 وکٹوں کے نقصان پر 300 بناکر ڈکلیئر کی تھی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 7 دسمبر 2021 15:46

ڈھاکا ٹیسٹ: ساجد خان نے بنگلادیشی بلے بازوں کو چکرا دیا، 6 وکٹیں لے اڑے
ڈھاکہ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 7 دسمبر 2021ء ) ڈھاکا کے شیر بنگلہ نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان بارش سے متاثرہ ٹیسٹ کے چوتھے روز کے کھیل میں میزبان ٹیم کے 7 کھلاڑی صرف 71 رنز پر ہی پویلین لوٹ گئے،اس سے قبل پاکستان نے 98.3 اوورز میں 300 رنز بنائے اور پہلی اننگز ڈکلیئر کردی۔ بنگلادیش کی اننگز کی شروعات میں ہی اوپنر محمود الحسن جوائے اور پھر شادمان اسلام ساجد خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، محمود الحسن کا کیچ کپتان بابراعظم نے جب کہ شادمان کا کیچ حسن علی نے لیا۔

بنگلادیش کے آؤٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی مومن الحق تھے جنہیں حسن علی نے رن آؤٹ کیا۔ نجم الحسین شنتو، لٹن داس، مشفیق الرحیم اور مہدی حسن کو بھی ساجد خان نے آؤٹ کیا۔ پاکستان کی جانب سے ساجد علی کی تباہ کن بولنگ نے بنگلادیش کی کمر توڑ دی اور 6 کھلاڑی آؤٹ کیے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل میچ کے چوتھے روز کا آغاز پاکستان کی اننگز سے ہوا جس میں اظہر علی 56 رنز کے ساتھ عبادت حسین کی بال پر آؤٹ ہوگئے اور اب کپتان بابراعظم 76 رنز بناکر خالد احمد کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔

‏ خراب موسم کی وجہ سے چوتھے روز بھی کھیل کا آغاز تاخیر سے ہوا ہے آج کم از کم 86 اوورز کا کھیل ہو گا۔ ‏تیسرے روز مسلسل بارش کی وجہ سے ایک گیند بھی نہیں پھینکی جا سکی تھی جب کہ پہلے دو روز میں صرف 63.2 اوورز کا کھیل ہو سکا تھا۔ ‏‏ دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔
وقت اشاعت : 07/12/2021 - 15:46:50

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :