کپتان بابراعظم نے ہمیں جیتنے کیلئے میدان میں اترنے کا کہا تھا: ساجد خان

خوشی ہے کہ اس منصوبے پر اچھی طرح عمل کیا گیا اور ہم نے ان کی ابتدائی وکٹیں حاصل کیں: قومی آف سپنر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 7 دسمبر 2021 16:59

کپتان بابراعظم نے ہمیں جیتنے کیلئے میدان میں اترنے کا کہا تھا: ساجد خان
ڈھاکا (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 7 دسمبر 2021ء ) بنگلہ دیش کیخلاف دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے دن چھ وکٹوں کے ساتھ پاکستان کے ٹاپ پرفارمر ساجد خان نے کپتان بابر اعظم کی طرف سے دیا گیا پلان شیئر کیا۔ ساجد نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کردہ ایک ویڈیو میں کہا کہ بوبی بھائی نے ہم سے کہا کہ ہم جیتنے کے لیے بنگلہ دیشی بلے بازوں پر حملہ کریں گے، مجھے خوشی ہے کہ اس منصوبے پر اچھی طرح عمل کیا گیا اور ہم نے ان کی ابتدائی وکٹیں حاصل کیں۔

ساجد خان نے دوسری طرف سے نعمان علی کی طرف سے دی گئی حمایت کی تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ نومی بھائی بہت تجربہ کار ہیں۔ وہ دوسرے گیند بازوں کے ساتھ بھی اپنا تجربہ شیئر کرتے ہیں، ان کے مشورے اکثر میرے لیے کام آتے ہیں ۔ یاد رہے کہ ڈھاکا کے شیر بنگلہ نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان بارش سے متاثرہ ڈھاکا ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز کے کھیل میں میزبان ٹیم کے 7 کھلاڑی صرف 71 رنز پر ہی پویلین لوٹ گئے۔

(جاری ہے)

پاکستان کی جانب سے ساجد علی کی تباہ کن بولنگ نے بنگلادیش کی کمر توڑ دی اور 6 کھلاڑی آؤٹ کیے، جبکہ ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوا ہے۔ بنگلادیش کی اننگز کی شروعات میں ہی اوپنر محمود الحسن جوائے، نجم الحسین شنتو، لٹن داس، شادمان اسلام، مشفق الرحیم اور مہدی حسن کو ساجد خان نے آؤٹ کیا جب کہ بیٹر مومن الحق کو حسن علی نے رن آؤٹ کیا۔ میچ کے چوتھے روز کا آغاز پاکستان کی اننگز سے ہوا جس میں اظہر علی 56 رنز کیساتھ عبادت حسین کی بال پر آؤٹ ہوگئے اور اب کپتان بابراعظم 76 رنز بناکر خالد احمد کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔

‏ خراب موسم کی وجہ سے چوتھے روز بھی کھیل کا آغاز تاخیر سے ہوا ہے آج کم از کم 86 اوورز کا کھیل ہو گا۔ ‏تیسرے روز مسلسل بارش کی وجہ سے ایک گیند بھی نہیں پھینکی جا سکی تھی جبکہ پہلے دو روز میں صرف 63.2 اوورز کا کھیل ہو سکا تھا۔ ‏ ٹیسٹ میچ میں اب تک ایک اننگز بھی مکمل نہیں ہو سکی ، اس لیے یہ ٹیسٹ ڈرا کی جانب بڑھ رہا ہے۔ 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔
وقت اشاعت : 07/12/2021 - 16:59:21

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :