آئی سی سی کا 21جنوری کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022کا شیڈول جاری کرنے کا اعلان

منگل 7 دسمبر 2021 22:29

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 دسمبر2021ء) ٹی 20کی نئی عالمی جنگ کیلیے ماحول بننے لگا جب کہ آئندہ ماہ ورلڈ کپ 2022کا شیڈول جاری کردیا جائے گا۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اگلے سال آسٹریلیا میں شیڈول ٹی 20 ورلڈ کپ کا مکمل شیڈول 21 جنوری کو جاری کرنے کا اعلان کیا ہے، مجموعی طور پر 16 اکتوبر سے 13 نومبر تک آسٹریلیا کے 7 وینیوز پر 45 میچز کھیلے جائیں گے، ان میں ایڈیلیڈ، برسبین، جیلونگ، ہوبارٹ، میلبورن، پرتھ اور سڈنی شامل ہیں۔

آسٹریلیا اپنے ہوم گراونڈز پر ٹائٹل کا دفاع کریگا جو اس نے دبئی میں کھیلے گئے رواں برس کے ورلڈ کپ فائنل میں نیوزی لینڈ کو قابو کرکے جیتا تھا۔آئی سی سی کے مطابق مینز ٹی 20 ورلڈ کپ اب صرف 11 ماہ کی دوری پر ہے، شائقین جلد ہی میگا ایونٹ کیلیے اپنا پروگرام تیار کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

مکمل شیڈول 21 جنوری کو جاری کیا جائے گا، اس کے ساتھ ہی شائقین فیصلہ کریں گے کہ انھیں کون سے میچز دیکھنے ہیں، وہ اسی کے لحاظ سے اپنا سفری پروگرام بھی ترتیب دیں گے جبکہ ٹکٹوں کی فروخت 7 فروری سے شروع ہوگی۔

ورلڈ کپ 2022 کا فائنل مصنوعی روشنیوں میں میلبورن کرکٹ گراونڈ پر 13 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ سیمی فائنلز کی میزبانی سڈنی کرکٹ گراونڈ اور ایڈیلیڈ اوول بالترتیب 9 اور 10 نومبر کو کریں گے۔یاد رہے کہ میزبان آسٹریلیا کے ساتھ پاکستان، نیوزی لینڈ، انگلینڈ، بنگلہ دیش بھارت، افغانستان اور جنوبی افریقہ اپنی رینکنگ کی بنیاد پر پہلے ہی براہ راست سپر 12 راونڈ میں انٹری پا چکے ہیں، نمیبیا، اسکاٹ لینڈ، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز راونڈ 1 کھیلیں گے، دیگر 4 ٹیموں کا انتخاب 2 کوالیفائنگ ایونٹس کے ذریعے کیا جائے گا،پہلا فروری میں عمان اور دوسرا جولائی میں زمبابوے میں ہوگا۔
وقت اشاعت : 07/12/2021 - 22:29:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :