ساجد خان نے ثقلین مشتاق،سعید اجمل کا ریکارڈ توڑ دیا

آف سپنر ایک اننگز میں بہترین انفرادی کارکردگی دکھانے والے چوتھے بہترین پاکستانی بائولر بن گئے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 8 دسمبر 2021 12:07

ساجد خان نے ثقلین مشتاق،سعید اجمل کا ریکارڈ توڑ دیا
ڈھاکہ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 8 دسمبر 2021ء ) ساجد خان اننگز میں 8 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے والے پاکستان کے دوسرے آف سپنر بن گئے۔ پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان ڈھاکا میں ہونے والے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم کے آف سپنر ساجد خان نے بنگلادیشی بیٹنگ لائن کی دھجیاں بکھیر دیں۔ ساجد خان اننگز میں 8 وکٹیں لینے والے پاکستان کے دوسرے آف سپنر بن گئے ہیں۔

اس سے قبل قومی ٹیم کے موجودہ عبوری ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق ٹیسٹ میچ کی ایک اننگز میں 164 رنز دے کر 8 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ دوسری جانب لیگ سپنر عبدالقادر نے 1987ء میں انگلینڈ کے خلاف 56 رنز دیکر 9 وکٹیں حاصل کی تھیں جب کہ سرفراز نواز نے 1979ء میں آسٹریلیا کے خلاف 86 رنز دیکر 9 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔ پاکستان کی جانب سے ایک اننگ میں 8یا 8 سے زائد وکٹیں لینے والوں میں عبدالقادر، سرفراز نواز، یاسر شاہ، سکندر بخت بھی شامل ہیں جبکہ ایک اننگ میں دو مرتبہ 8 وکٹیں لینے کا ریکارڈ عمران خان کے پاس ہے، اُنہوں نے سری لنکا اور انڈیا کے خلاف یہ کارنامہ سرانجام دیا تھا۔

(جاری ہے)

ڈھاکا ٹیسٹ میں ساجد خان کی شاندار بولنگ کے باعث بنگلادیش کی پوری ٹیم 87 رنز پر پویلین لوٹ گئی اور صرف 14 رنز کے فرق سے فالو آن کا شکار ہوگئی۔ خیال رہے کہ کھیل کے چوتھے روز پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 300 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر دی تھی۔ بنگلادیش کو اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے اب 213 رنز درکار ہیں۔
وقت اشاعت : 08/12/2021 - 12:07:03

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :