آئی سی سی ٹیسٹ پلیئر آف دی ایئر 2021ء کی نامزدگیوں کا اعلان، شاہین آفریدی جگہ نہ بنا سکے

21 سالہ فاسٹ بائولر نے 9 ٹیسٹ میچز میں 47 وکٹیں حاصل کیں، وہ اس سال 17.06 کی اوسط کیساتھ دوسرے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر تھے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 28 دسمبر 2021 15:05

آئی سی سی ٹیسٹ پلیئر آف دی ایئر 2021ء کی نامزدگیوں کا اعلان، شاہین آفریدی جگہ نہ بنا سکے
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 28 دسمبر 2021ء ) آئی سی سی نے مینز ٹیسٹ پلیئر آف دی ایئر 2021 کے لیے نامزدگیوں کا اعلان کر دیا، حیران کن طور پر پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی اعلان کردہ کھلاڑیوں میں جگہ نہیں بنا سکے۔ 21 سالہ شاہین آفریدی نے رواں سال 9 ٹیسٹ کھیلے اور 47 وکٹیں حاصل کیں۔ وہ اس سال 17.06 کی اوسط کے ساتھ دوسرے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر تھے۔

انگلینڈ کے جو روٹ، بھارت کے روی چندرن ایشون، نیوزی لینڈ کے کائل جیمیسن اور سری لنکا کے دیموتھ کرونارتنے اس ایوارڈ کیلئے نامزد ہوئے ہیں۔ جو روٹ اور ایشون بالترتیب 2021ء میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے اور وکٹ لینے والے کھلاڑی ہیں۔ روٹ تاریخ کے صرف تیسرے کھلاڑی بن گئے جنہوں نے ایک کیلنڈر سال میں ٹیسٹ کرکٹ میں 1700 سے زیادہ رنز بنائے جس میں ایک ڈبل سنچری سمیت 6 سنچریاں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ایشون نے 8 میچوں میں 16.23 کی اوسط سے 52 وکٹ لیے اور ایک سنچری کے ساتھ 28.08 کی اوسط سے 337 رنز بنائے۔ کائل جیمیسن نے رواں سال 5 میچوں میں 17.51 ​​کی اوسط سے 27 وکٹیں حاصل کیں اور 105 رنز بھی بنائے۔ سری لنکا کے ٹیسٹ کپتان کرونارتنے 2021ء کے تیسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں ، انہوں نے 7 میچوں میں 69.38 کی اوسط سے 4 سنچریوں کی مدد سے 902 رنز بنائے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ہر ایک دن آئی سی سی ایوارڈز کی ہر کیٹگری کی نامزدگیوں کی نقاب کشائی جاری رکھے گا۔ ہر کیٹگری کے فاتحین کا اعلان جنوری میں کیا جائے گا۔ سال کی آفیشل آئی سی سی ٹیم کا اعلان 17 اور 18 جنوری کو کیا جائے گا۔ خواتین کرکٹ سے متعلق انفرادی ایوارڈز کا اعلان 23 جنوری کو کیا جائے گا۔ مردوں کے ایوارڈز کے ساتھ ساتھ سپرٹ آف کرکٹ اور امپائر آف دی ایئر ایوارڈز کا اعلان 24 جنوری کو کیا جائے گا۔
وقت اشاعت : 28/12/2021 - 15:05:03

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :