گومل یونیورسٹی میڈیا کرکٹ ٹیم نے ڈی آئی خان میڈیا کرکٹ ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک سکور سے ہراکرگومل جناح کرکٹ ٹرافی جیت لی

بدھ 12 جنوری 2022 15:19

گومل یونیورسٹی میڈیا کرکٹ ٹیم نے ڈی آئی خان میڈیا کرکٹ ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک سکور سے ہراکرگومل جناح کرکٹ ٹرافی جیت لی
ڈیرہ اسماعیل خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جنوری2022ء) گومل یونیورسٹی میڈیا کرکٹ ٹیم نے ڈیرہ اسماعیل خان میڈیاکرکٹ ٹیم کو دوستانہ میچ میں ایک سکور سے شکست دیکر گومل جناح کرکٹ ٹرافی جیت لی۔ تفصیلات کے مطابق وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد کی ہدایت پر پبلک ریلیشن سیکشن اور ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس کی باہمی تعاون سے گومل یونیورسٹی میڈیا اور ڈیرہ اسماعیل خان میڈیا کے مابین جناح کرکٹ ٹرافی کے نام سے ایک دوستانہ میچ کرایا گیا ۔

جس کا مقصد ادارے اور میڈیا کے درمیان باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینا اور میڈیا کے نمائندوںاچھے اور بہترین ماحول میں صحت مندانہ تفریح فراہم کرنا تھا۔ میچ میں ڈیرہ پریس کلب (رجسٹرڈ) کے جنرل سیکرٹری فضل الرحمن، لوکل اخبارات کی جانب سے شیخ توقیر اکرم اور قومی ٹی وی چینلز کی طرف سے عرفان مغل کی سربراہی میں ایک کمیٹی بنائی گئی جس نے باہمی مشاورت سے ڈیرہ اسماعیل خان میڈیا کی ایک ٹیم تشکیل دی جس کی قیادت سید اطہر شاہ جبکہ گومل میڈیا ٹیم کی قیادت پی آر او گومل یونیورسٹی راجہ عالم زیب نے کی جس میں گومل یونیورسٹی کے میڈیا ممبران سمیت ،اساتذہ، افسران، ملازمین شامل تھے۔

(جاری ہے)

میچ کا افتتاح وائس چانسلر گومل یونیورسٹی نے ٹاس کروا کر کیا۔ ڈیرہ اسماعیل خان میڈیا نے ٹاس جیت کر پہلے گومل یونیورسٹی میڈیا کرکٹ ٹیم کو کھیلنے کی دعوت دی۔ گومل یونیورسٹی میڈیا کرکٹ ٹیم نے مقررہ 15اوورز میں وقاراحمد کی شاندار نصف سنچری کی بدولت ڈیرہ اسماعیل خان میڈیا ٹیم کوجیتنے کیلئے 113رنز کا ہدف دیا۔ ہدف کے تعاقب میں ڈیرہ اسماعیل خان میڈیا کی شروعات اچھی نہ رہی اور پہلے ہی اوور میں ان کے دو کھلاڑی آئوٹ ہو گئے جس کے بعد محمد علی قیصر اورعدنان مدن کی شاندار شراکت نے ڈیرہ اسماعیل خان ٹیم کی پوزیشن مضبوط کر دی ۔

مگر ڈاکٹر سمیع اللہ کے آخری اوورز میں محمد علی قیصر کے آئوٹ ہونے سے گومل یونیورسٹی میڈیا نے انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک اسکورسے میچ جیت لیا۔ڈیرہ اسماعیل خان میڈیاکی طرف سے محمد علی قیصر نے شاندار 46رنز کی اننگر کھیلی۔ اس موقع پر وائس چانسلر گومل یو نیورسٹی سمیت رجسٹرارگومل یونیورسٹی، تمام شعبہ جات کے ڈین سمیت ڈیرہ اسماعیل خان کے سینئر صحافی سہیل اعظمی ،ابوالمعظم ترابی، سعید اللہ مروت سمیت دیگر بھی موجود تھے جو میچ کے آخری لمحات سے لطف اندوز ہوتے رہے ۔ میچ کے اختتام پروائس چانسلر ڈاکٹر افتخار احمد نے کھلاڑیوں میں انعاما ت تقسیم کئے ۔ جبکہ میچ آف دی میچ کا ایوارڈ وقاراحمد کو دیا گیا۔
وقت اشاعت : 12/01/2022 - 15:19:00

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :