کیپ ٹائون ٹیسٹ: ایلگر کو آؤٹ کیوں نہیں دیا؟ کوہلی، دیگر کھلاڑیوں نے سٹمپ مائیک پر بھڑاس نکال دی

صرف مخالف ٹیم پرہی نہیں بلکہ اپنی ٹیم پربھی توجہ دیا کریں، بھارتی ٹیسٹ کپتان کا براڈکاسٹرز کومشورہ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 14 جنوری 2022 11:44

کیپ ٹائون ٹیسٹ: ایلگر کو آؤٹ کیوں نہیں دیا؟ کوہلی، دیگر کھلاڑیوں نے سٹمپ مائیک پر بھڑاس نکال دی
کیپ ٹائون (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 14 جنوری 2022ء ) بھارت اور جنوبی افریقا کے درمیان کیپ ٹاون میں جاری تیسرے ٹیسٹ میں اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی جب ڈین ایلگر ڈی آر ایس پر ایل بی ڈبلیو قرار پانے سے بچ گئے مگر بھارتی ٹیم کو یہ بات نہ بھائی اور اس کے مختلف پلیئرز سٹمپ مائیک پر براڈکاسٹرز پر تنقید کرتے رہے۔ کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے تیسرے روز روی چندرن ایشون نے ڈین ایلگر کو ایل بی ڈبلیو کیا مگر ڈی آر ایس نے فیصلہ تبدیل کردیا اور ایلگر پویلین واپس لوٹنے سے بچ گئے لیکن یہ بات بھارتی ٹیم کو ہضم نہ ہوئی ۔

بھارتی کرکٹرز کے ایل راہول، روی چندرن ایشون اور ویرات کوہلی سٹمپ مائیک پر آکر اپنی بھڑاس نکالتے اور براڈ کاسٹرز پر تنقید کرتے رہے۔ ویرات کوہلی کا مائیک میں کہنا تھا کہ اپنی ٹیم پربھی توجہ دیں جب وہ بال چمکا رہی ہوتی ہے صرف مخالف ٹیم پرنہیں۔

(جاری ہے)

بھارتی ٹیم کے دیگرکھلاڑیوں نے بھی اپنے کپتان کا بھرپورساتھ دیتے ہوئے تھرڈ ایمپائر اور براڈ کاسٹرز کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ پورا ملک ایک ٹیم کے خلاف کھیل رہا ہے۔

اس پورے واقعے پر سوشل میڈیا پر بھی بحث چھڑ پڑی اور فینز کا کہنا تھا کہ انڈینز کو آج جس ڈی آر ایس کا دکھ ہے وہ 2011ء ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں اسی ڈی آر ایس سے مستفید ہوئے تھے جب سعید اجمل کی گیند پر ٹنڈولکر کا ایل بی ڈبلیو اوور ٹرن ہوگیا تھا۔
وقت اشاعت : 14/01/2022 - 11:44:47

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :