نیشنل انڈر 16 ون ڈے ٹورنامنٹ میں سدرن پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ وائٹس نے اپنے میچز جیت لیے

جمعہ 14 جنوری 2022 22:58

نیشنل انڈر 16 ون ڈے ٹورنامنٹ میں سدرن پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ وائٹس نے اپنے میچز جیت لیے
ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جنوری2022ء) ملتان میں جاری نیشنل انڈر 16 ون ڈے ٹورنامنٹ میں سدرن پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ وائٹس نے اپنے اپنے میچز جیت لیے۔ہیڈ محمد واللہ اسٹیڈیم ملتان میں کھیلے گئے میچ میں سندھ وائٹس نے بلوچستان وائٹس کو دس وکٹوں سے ہرادیا۔ فاتح ٹیم نے 121 رنز کا ہدف 14.2 اوورز میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

ہارون ارشد 61 اور شہزاد خان 50 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔اس سے قبل بلوچستان وائٹس کی پوری ٹیم 120 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔مزمل علی 50 اور سراج احمد 36 رنز بناکر نمایاں رہے۔شاہ زیب علی، واجد احمد اور شیراز خان نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔اٴْدھر زواری اکیڈمی ملتان میں کھیلے گئے میچ میں سدرن پنجاب وائٹس نے سینٹرل پنجاب وائٹس کو 81 رنز سے ہرادیا۔

(جاری ہے)

150 رنز کے تعاقب میں سینٹرل پنجاب وائٹس کی پوری ٹیم 68 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

عبدالرسول اور بلال خان نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ شاہاز سعید نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ سدرن پنجاب وائٹس کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئی37.5 اوورز میں 149 رنز بنائے۔ اوپنر علی حسنین بادشاہ نے 68 رنز بنائے۔ رانا حسیب 27 اور حسیب احمد 21 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ دانش سعید نے 5 جبکہ علی حسن نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔دوسری جانب ملتان اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں خیبرپختونخوا وائٹس نے ناردرن وائٹس کو 106 رنزسے شکست دے دی۔

250 رنز کے تعاقب میں ناردرن وائٹس کی پوری ٹیم 143 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ شاہ میر نثار 29 اور حسنین ندیم 28 رنز بناکرآؤٹ ہوئے۔ محمد ہارون نے تین جبکہ نوید الحسن اور عادل وحیدنے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ خیبرپختونخوا وائٹس کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 45 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 249 رنز بنائے۔ اوپنر محمد شایان نے 77، ریاض اللہ نے 70 اور محمد ذبیر نے ناٹ آؤٹ 62 رنز بنائے۔
وقت اشاعت : 14/01/2022 - 22:58:05

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :