پی ایس ایل 7: پی سی بی کی کیوریٹرز کو پاور ہٹنگ کیلئے سازگار پچز بنانے کی ہدایت

چیف کیوریٹر کو سپورٹنگ ٹریکس تیار کرنیکی ہدایت ،قذافی اسٹیڈیم میں پریکٹس پچز پر مٹی ڈال دی گئی،سلیکٹرز نوجوان جارح مزاج بلے بازوں پر گہری نظر رکھیں گے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 16 جنوری 2022 14:50

پی ایس ایل 7: پی سی بی کی کیوریٹرز کو پاور ہٹنگ کیلئے سازگار پچز بنانے کی ہدایت
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16 جنوری 2022ء ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 کے لیے پچوں کو پاور ہٹنگ کے لیے موزوں بنانے کے لیے کراچی اور لاہور کے کیوریٹرز کو منصوبہ بھیج دیا گیا ہے۔ دنیا بھر کے کرکٹرز پی ایس ایل میں بولنگ کے اعلیٰ معیار کی تعریف کرتے ہیں لیکن ٹی ٹونٹی کرکٹ میں شائقین چوکے اور چھکے دیکھنا چاہتے ہیں۔ پاکستانی گراؤنڈز پر ہائی سکورنگ گیمز دن بدن کم ہوتے جارہے ہیں ۔

پی ایس ایل کے آخری ایڈیشن پر نظر ڈالیں تو صرف ایک بار کراچی میں کھیلے گئے میچوں میں کسی ٹیم نے 200 رنز کا ہندسہ عبور کیا۔ پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف سات وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنائے۔ لیکن جب ابوظہبی میں لیگ دوبارہ شروع ہوئی تو ٹیموں نے تین بار 200 سے زیادہ رنز بنائے۔

(جاری ہے)

اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کے خلاف میچ میں 2وکٹوں کے نقصان پر 247 سکور کیا۔

یہ ٹورنامنٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا سکور بھی تھا۔ جواب میں پشاور زلمی نے بھی 6 وکٹوں کے نقصان پر 232 سکور بنائے۔ گزشتہ ایڈیشن کے فائنل میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کے خلاف 4 وکٹوں کے نقصان پر 206 رنز بنائے۔ پی ایس ایل 6 میں صرف دو سنچریاں ریکارڈ کی گئیں، اسلام آباد کے عثمان خواجہ نے ابوظہبی میں سنچری سکور کی جبکہ کراچی کنگز کے شرجیل خان نے کراچی میں دھوم مچائی۔

چیئرمین پی سی بی نے گراؤنڈز مین کو پی ایس ایل 7 کے لیے بہتر پچز بنانے کی ہدایت کردی ۔ دریں اثناء پی ایس ایل 7 کی تیاریاں زوروں پر ہیں کیونکہ پہلا مرحلہ 27 جنوری سے کراچی میں شروع ہوگا جس کے بعد ایکشن لاہور منتقل کیا جائے گا۔ پی سی بی نے کیوریٹرز سے کہا ہے کہ وہ دونوں مقامات پر معاون پچیں بنائیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کے چیئرمین رمیز راجہ جہاں ڈومیسٹک کرکٹ کے لیے جاندار ٹریک بنانے میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں وہیں انہوں نے گراؤنڈ سٹاف کو پی ایس ایل کے لیے بہتر پچز بنانے کی خصوصی ہدایات بھی بھیجی ہیں۔

کراچی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز سے قبل آغا زاہد کو چیف کیوریٹر کے طور پر واپس لایا گیا تھا۔ وہ اس سال پی ایس ایل کے لیے ایسی پچز فراہم کرنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں جہاں بلے بازوں کو سٹروک کھیلنے کا موقع ملے اور باؤلرز اگر اچھی لینتھ سے گیند کریں گے تو انہیں وکٹیں لینے کے مواقع ملیں گے۔ پریکٹس کے لیے قذافی سٹیڈیم کی سائیڈ پچز کو نئی مٹی اور گھاس سے بھر دیا گیا ہے لیکن فی الحال سینٹرل پچز کی تعمیر نو ممکن نہیں، موجودہ ٹریکس کو کھیلوں کے قابل بنانے پر کام جاری ہے۔

اگلے مرحلے میں سیزن کے مصروف شیڈول کو دیکھ کر پچز کو بہتر بنانے کے لیے مزید کام کیا جائے گا۔ دوسری جانب سلیکٹرز جارحانہ بلے بازی کی صلاحیت رکھنے والے نوجوان کرکٹرز پر گہری نظر رکھیں گے اور وہ محمد حفیظ اور شعیب ملک کے متبادل کو بھی تلاش کریں گے۔ ان کھلاڑیوں کو اس سال آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لیے پول میں شامل کیا جائے گا اور ان کی صلاحیتوں اور فٹنس کو بہتر بنانے کے لیے کام کیا جائے گا۔
وقت اشاعت : 16/01/2022 - 14:50:32

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :