شاہین آفریدی کے شاہد آفریدی کے کپتانی نہ لینے کا مشورہ نہ ماننے کی وجہ سامنے آگئی

جب انسان کو موقع ملے تو اسے ضرور حاصل کرنا چاہیئے، محمد حفیظ اور فخر زمان کی ٹیم میں موجودگی سے مجھے آسانی ہوگی: فاسٹ بائولر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 20 جنوری 2022 14:16

شاہین آفریدی کے شاہد آفریدی کے کپتانی نہ لینے کا مشورہ نہ ماننے کی وجہ سامنے آگئی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 20 جنوری 2022ء ) قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کے سابق قومی کپتان شاہد آفریدی کے کپتانی نہ لینے کا مشورہ نہ ماننے کی وجہ سامنے آگئی۔ شاہین شاہ نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا کہ میری لالہ سے کپتانی کے موضوع پر بات ہوئی تھی جس پر انہوں نے مجھے یہ مشورہ دیا تھا کہ کپتان بننے کا فیصلہ ابھی نہ لو ۔

فاسٹ بائولر کے مطابق شاہد آفریدی کا ماننا تھا کہ کپتانی سے میری بولنگ اثر انداز ہوگی۔ شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ میرے خیال میں جب انسان کو موقع ملے تو اسے ضرور حاصل کرنا چاہیے ۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور قلندرز کی کپتانی ایک چیلنج ضرور ہے مگر محمد حفیظ اور فخر زمان کی ٹیم میں موجودگی سے مجھے آسانی ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس فرنچائز نے مجھے بہت پیار دیا ہے، میں 2018ء سے اس ٹیم کے ساتھ ہوں۔

جو چیزیں مجھے چاہیں تھیں وہ اس نے مہیا کی اور مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا۔ یاد رہے کہ چند روز قبل قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ میری شاہین سے بات ہوئی تھی تو میں نے اسے کپتانی لینے سے منع کیا تھا۔ شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ میں نے شاہین شاہ کو سمجھایا کہ آپ ایک، دو سال رک جاؤ اور اپنی بائولنگ پر بھرپور توجہ دو لیکن اس نے میری نہ سنی کیونکہ وہ بھی آفریدی ہے۔
وقت اشاعت : 20/01/2022 - 14:16:50

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :