میتھیو ویڈ کے تین چھکوں کے بعد بہت رویا تھا: شاہین آفریدی

آسٹریلیا کیخلاف شکست کے بعد کی رات بہت تکلیف دہ تھی، اسے الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا : پاکستانی پیسر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 22 جنوری 2022 13:55

میتھیو ویڈ کے تین چھکوں کے بعد بہت رویا تھا: شاہین آفریدی
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 22 جنوری 2022ء ) پاکستان کے فرنٹ لائن فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے میتھیو ویڈ کے تین چھکوں پر اپنے جذبات کا اظہار کیا جس کی قیمت پاکستان کو T20 ورلڈ کپ 2021ء کے سیمی فائنل میں بھگتنا پڑی۔ نجی ٹی وی کے شو میں بات کرتے ہوئے شاہین آفریدی نے انکشاف کیا کہ آسٹریلیا کے خلاف شکست کے بعد کی رات ان کے لیے بہت تکلیف دہ تھی اور اسے الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔

شاہین آفریدی نے کہا کہ یہ بہت تکلیف دہ تھا ، میں اسے الفاظ میں بیان نہیں کر سکتا۔ میزبان نے سوال کیا کہ کیا آپ اس رات روئے تھے؟ ۔ شاہین آفریدی نے جواب میں کہا کہ ہاں، میں رویا، اس میچ کے بعد واپسی میرے لیے تکلیف دہ تھی، لیکن یہاں میں اپنے سینئر کھلاڑیوں حفیظ اور شعیب بھائی کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے نہ صرف مجھے بلکہ پوری ٹیم کی حوصلہ افزائی کی۔

(جاری ہے)

ان کی حمایت اور حوصلہ افزائی نے مجھے تیزی سے آگے بڑھنے میں مدد دی ۔ شاہین آفریدی نے کہا کہ بھارت کے خلاف فتح ان کے لیے تاریخی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ہماری پوری ٹیم کے لیے ایک یادگار لمحہ تھا۔ ہم ایک یونٹ کی طرح کھیلے اور اس نے ہمیں فتح دلائی۔ شاہین آفریدی نے مزید کہا کہ روہت شرما اور کے ایل راہول کی وکٹیں میرے لیے خاص تھیں۔ لیکن، اگر آپ مجھ سے ان میں سے کسی ایک کی وکٹ چننے کو کہیں گے تو وہ راہول کی وکٹ ہوگی ۔
وقت اشاعت : 22/01/2022 - 13:55:11

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :