شاہین شاہ آفریدی کا آئی سی سی کرکٹر آف دی ائیر ایوارڈ ملنے پر خوشی کا اظہار

پیر 24 جنوری 2022 21:39

کراچی۔24جنوری  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی ۔24 جنوری2022ء) :قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باولر اور پی ایس ایل 7 کی فرنچائرڈ ٹیم لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے آئی سی سی کی جانب سے کرکٹر آف دی ائیر ایورڈ ''سر گیری فیلڈ سوبرز ایوارڈ'' ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سب سے زیادہ خوشی اس بات کی ہے کہ یہ ایوارڈ پاکستان کو ملا ہے، اس ایوارڈ کو میں پاکستان اور اپنے والدین کے نام سے منسوب کرنا چاہتا ہوں،   میری ذاتی خواہش تھی کہ یہ ایوارڈ محمد رضوان کو ملے ۔

انہوں نے پیر کو جاری اپنے وڈیو بیان میں کہا کہ فیملی کی دعائوں سے یہ ایوارڈ ملا ہے، ایوارڈ کے لئے نامزدگی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس میں محمدرضوان کی بھی نامزدگی ہوئی تھی اور میری خواہش تھی کہ یہ ایوارڈ رضوان کو ملتا کیونکہ اس نے گذشتہ سال پاکستان کرکٹ کے لئے بہت محنت کی ہے اور ٹی ٹونٹی میں سب سے زیادہ رنز بنائے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ ایوارڈ پاکستان کو ملا ہے جس پر مجھے فخر ہے۔

سال کی بہترین کارکردگی کے لمحات کا ذکر کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف پاکستان نے کبھی میچ نہیں جیتا تھا ،  گذشتہ سال پاکستان نے ورلڈ کپ میں بھارت سے کھیلے جانے والے میچ میں کامیابی حاصل کی اور اس میچ میں مجھے مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا،  ویسٹ انڈیز میں ایک ٹیسٹ میچ میں10 وکٹیں حاصل کیں ، اس کے علاوہ بہت سی اچھی پرفارمنسز ہیں جو میرے لئے یادگار ہیں۔ شاہین شاہ آفریدی نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ وہ آئندہ بھی پاکستان کے لئے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کریں گے۔
وقت اشاعت : 24/01/2022 - 21:39:35

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :