ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 میں بچوں میں کینسر اور چھاتی کے سرطان کے دن منائے جائیں گے

ایونٹ 27 جنوری سے 27 فروری تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا

منگل 25 جنوری 2022 14:36

ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 میں بچوں میں کینسر اور چھاتی کے سرطان کے دن منائے جائیں گے
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جنوری2022ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 7 میں بچوں میں کینسر اور چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے دن منانے کا اعلان کیا ہے۔ ایونٹ 27 جنوری سے 27 فروری تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ چھاتی کے سرطان کے مرض سے آگاہی کی مناسبت سی4 فروری کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پنک ربن ڈے منایا جائے گا۔

اس روز کراچی کنگز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔دونوں ٹیموں کے کھلاڑی اس روز گلابی رنگ کی ٹوپیاں پہنیں گے۔اسی طرح 15 فروری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں گولڈن ربن ڈے منایا جائے گا، جہاں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ اس روز کینسر میں مبتلا 2 بچوں کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کی دستخط شدہ شرٹس بطور تحفہ دی جائیں گی۔

(جاری ہے)

پنک ڈے پر نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں لگی اسٹمپس کو پنک اور گولڈن ربن ڈے پر قذافی اسٹیڈیم لاہور میں لگی اسٹمپس کو گولڈن رنگ میں رنگا جائے گا۔ان دونوں روز، اسٹیڈیم میں نصب بڑی سکرینز پرمرض کی آگاہی سے متعلق پیغامات نشر کیے جائیں گے۔ کمنٹیٹرز بھی کمنٹری کے دوران اس روز کی مناسبت سے گفتگو کریں گے۔ چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سلمان نصیر کاکہناہے کہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کا شمار دنیا کی چند مقبول ترین لیگز میں ہوتا ہے، لہٰذا ہم اپنی معاشری ذمہ داری کو سمجھتے ہوئے ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 میں بچوں میں کینسر اور چھاتی کے سرطان سے متعلق آگاہی فراہم کریں گے۔

سلمان نصیر نے کہاکہ کرکٹ اس ملک کا مقبول ترین کھیل ہے، جو پوری قوم کو متحد کردیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی سی بی مستقبل میں بھی ایسے اقدامات کرتا رہے گا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بین ڈکیٹ اور بین لارنس پی ایس ایل کیلئے کراچی پہنچ گئے ہیں، دونوں کھلاڑی تین روزہ آئیسولیشن اور دو پی سی آر ٹیسٹ کے بعد ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔دوسری جانب پشاور زلمی میں شامل آسٹریلین آل راؤنڈر بین کٹنگ کراچی پہنچے ہیں، آئرلینڈ کے پال اسٹرلنگ اور جنوبی افریقا کے مرچنٹ ڈی لنگا کراچی پہنچے ہیں، دونوں کرکٹرز پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائٹیڈ کی نمائندگی کریں گے۔

لازمی آئسولیشن اور دو نیگیٹو رزلٹ کی صورت میں دونوں پلیئرز 28 جنوری کے بعد سے دستیاب ہوں گے۔انگلینڈ کے ایلکس ہیلز بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب شہرِ قائد پہنچیں گے۔یاد رہے کہ پی ایس ایل سیون کا ا?غاز 27 جنوری سے ہوگا جو 27 فروری تک جاری رہے گا۔ایونٹ کے میچز کراچی اور لاہور میں ہوں گے، کراچی میں 15 جبکہ لاہور میں 19 میچز کھیلے جائیں گے۔
وقت اشاعت : 25/01/2022 - 14:36:50

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :