رضوان نے بہت محنت کی، کامیابی کا کریڈٹ بھی انہیں جاتا ہے: مصباح الحق

وکٹ کیپر بلے باز محنتی کرکٹر، مجھے اندازہ تھا کہ وہ اوپر کے نمبروں پر کھیل سکتا ہے : مصباح الحق

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 1 فروری 2022 13:56

رضوان نے بہت محنت کی، کامیابی کا کریڈٹ بھی انہیں جاتا ہے: مصباح الحق
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ یکم فروری 2022ء ) سابق کوچ اور کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ محمد رضوان ایک محنتی کرکٹر ہیں، انہوں نے کامیابی حاصل کرنے کیلئے بہت محنت کی ہے اور ان کی کامیابی کا کریڈٹ بھی خود انہیں ہی جاتا ہے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے سابق کپتان مصباح الحق نے کہا کہ جب وہ کوچ تھے تو انہیں محسوس ہوا کہ محمد رضوان اوپر کے نمبروں پر اچھی بیٹنگ کر سکتے ہیں اور کامیاب ہو سکتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ میں نے انہیں کھیلتے ہو ئے دیکھا تھا، ان کے پاس شاٹس ہیں اور بیک فٹ پر اچھا کھیلتے ہیں۔ مصباح کا کہنا ہے کہ رضوان چیلنج قبول کرتے ہیں اور اسی وجہ سے انہیں اوپر کے نمبروں پر بھیجا۔ مصباح الحق نے کہا کہ آئی سی سی ایوارڈز میں پاکستان کے کھلاڑیوں نے خود کو منوایا، 2021ء میں ان کی کارکردگی اچھی رہی ، تین ایوارڈز بھی جیتے اور آئی سی سی ٹیموں میں بھی شامل ہوئے، اس کا کریڈٹ مجھے یا کسی اور کو دیا جاتا ہے یا نہیں اس سے فرق نہیں پڑتا البتہ کھلاڑیوں کو ضرور کریڈٹ ملنا چاہیے ۔

(جاری ہے)

سابق کپتان مصباح الحق نے کہا کہ لیگز اپنی جگہ لیکن کرکٹ کے لیے ٹیسٹ فارمیٹ کا ہونا ضروری ہے اور زیادہ ضروری ہے کہ سب ٹیسٹ کو اہمیت دیں، ہمارے لیے آسٹریلیا کا فل سٹرینتھ ٹیم لیکر آنا ضروری ہے، اس کے بعد دوسری ٹیموں نے بھی پاکستان کا دورہ کرنا ہے ۔ آسٹریلیا کو 3 ٹیسٹ اور 3 ون ڈے میچز اور ایک ٹی ٹونٹی میچ پر مشتمل دورے کے لیے پاکستان آنا ہے جہاں پہلا ٹیسٹ 3 مارچ کو کراچی میں شیڈول ہے ۔ مصباح الحق کے بیٹے فہام الحق بھی اب باقاعدہ طور پر کرکٹ کھیل رہے ہیں، انہوں نے انڈر 16 کرکٹ میں سنچری بنائی ہے۔ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ اس چیز کو اس سے نہیں جوڑنا چاہیے کہ کون کس کا بیٹا یا رشتہ دار کھیل رہا ہے، ان کو بھی دوسرے کھلاڑیوں کی طرح لینا چاہیے ۔
وقت اشاعت : 01/02/2022 - 13:56:19

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :