اگر کچھ ساتھی سکیورٹی خدشات کی وجہ سے پاکستان نہیں جاتے تو حیرت نہیں ہوگی :جوش ہیزل ووڈ

کرکٹ آسٹریلیا اور آسٹریلین کرکٹ ایسوسی ایشن کی طرف سے پس منظر میں بہت کام کیا گیا ہے لیکن یقینی طور پر کھلاڑیوں کو کچھ خدشات ہوںگے : فاسٹ بولر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 2 فروری 2022 11:46

اگر کچھ ساتھی سکیورٹی خدشات کی وجہ سے پاکستان نہیں جاتے تو حیرت نہیں ہوگی :جوش ہیزل ووڈ
سڈنی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 2 فروری 2022ء ) آسٹریلین فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ کا کہنا تھا کہ اگر ان کے کچھ ساتھی سکیورٹی خدشات کی وجہ سے پاکستان کا سفر نہیں کرنا چاہتے ہیں تو انہیں حیرت نہیں ہوگی۔ آسٹریلیا 1998ء کے بعد پہلی بار مارچ میں پاکستان کا دورہ کرنے کے لیے تیاری کررہا ہے۔ 31 سالہ جوش ہیزل ووڈ نے مزید کہا کہ کرکٹ آسٹریلیا اور آسٹریلین کرکٹ ایسوسی ایشن (اے سی اے) کی جانب سے اعتماد کافی زیادہ رہا ہے لیکن ہمیں ان کھلاڑیوں کا احترام کرنے کی ضرورت ہے جو پاکستان کا دورہ کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں ۔

ہیزل ووڈ کا کرکٹ آسٹریلیا ڈاٹ کام سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ یہاں بہت ساری چیزیں موجود ہیں اور کرکٹ آسٹریلیا اور آسٹریلین کرکٹ ایسوسی ایشن کی طرف سے پس منظر میں بہت کام کیا گیا ہے لہذا کھلاڑیوں کی طرف سے اعتماد کافی زیادہ ہے لیکن یقینی طور پر کھلاڑیوں کی طرف سے کچھ خدشات ہوں گے اور مجھے حیرانی نہیں ہوگی اگر کچھ کھلاڑی دورے سے انکار کردیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑی اس دورے کے حوالے سے اپنے اہل خانہ سے بات کریں گے اور جواب دیں گے اور ہر کوئی ان کے فیصلے کا احترام کرے گا۔ واضح رہے کہ آسٹریلیا تین ٹیسٹ، تین ون ڈے اور ایک ٹی ٹونٹی پر مشتمل سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کرنے والا ہے۔ تین ٹیسٹ میچز کراچی (3-7 مارچ)، راولپنڈی (12-16 مارچ) اور لاہور (21-25 مارچ) میں شیڈول ہیں جب کہ لاہور 29 مارچ سے 5 اپریل تک چار وائٹ بال میچوں کی میزبانی کرے گا۔
وقت اشاعت : 02/02/2022 - 11:46:17

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :