پی ایس ایل ، فخر زمان پاور پلے میں بہترین سٹرائیک ریٹ کے حامل بلے باز بن گئے

اوپنر نے لیگ میں پاور پلے کے دوران 136 کے سٹرائیک ریٹ سے رنز بنائے، شرجیل خان کا دوسرا نمبر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 3 فروری 2022 13:49

پی ایس ایل ، فخر زمان پاور پلے میں بہترین سٹرائیک ریٹ کے حامل بلے باز بن گئے
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 3 فروری 2022ء ) جارح مزاج اوپننگ بلے باز فخر زمان پاور پلے میں پی ایس ایل کی تاریخ میں سب سے زیادہ سٹرائیک ریٹ رکھنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ فخر زمان پی ایس ایل 7 کے موجودہ ایڈیشن میں بہترین فارم میں نظر آرہے ہیں اور انہوں نے کراچی کنگز کے خلاف اپنی پہلی سنچری بنائی تھی۔ انہوں نے ملتان سلطانز کے خلاف 76 رنز کی شاندار اننگز بھی کھیلی۔

پی ایس ایل 7 میں فخر زمان کی شاندار فارم کے بارے میں ایک اہم چیز پاور پلے میں ان کا جارحانہ انداز ہے۔

(جاری ہے)

وہ شرجیل خان سے بھی آگے نکل گئے ہیں جنہیں اب پاور پلے میں دوسرے بہترین بلے باز کا درجہ دیا گیا ہے۔ پی ایس ایل میں کم از کم 500 رنز سکور کرنے والے بلے بازوں میں پاور پلے میں بہترین سٹرائیک ریٹ والے کھلاڑیوں میں فخر زمان 136 کے سٹرائیک ریٹ کے حامل ہیں ، کراچی کنگز کے اوپننگ بلے باز شرجیل خان 129 کے سٹرائیک ریٹ کے ساتھ دوسرے، پشاور زلمی کے وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل 126 کے سٹرائیک ریٹ کے ساتھ تیسرے، کراچی کنگز کے کپتان بابر اعظم 114 کے سٹرائیک ریٹ کے ساتھ چوتھے جب کہ احمد شہزاد 110 کے سٹرائیک ریٹ کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر موجود ہیں ۔

                                                                                                         
وقت اشاعت : 03/02/2022 - 13:49:17

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :