محمد عامر، ویرات کوہلی اور روہت شرما کو پی ایس ایل میں کھیلتے دیکھنے کے خواہاں

کھیل کو سیاست سے الگ ہونا چاہیے، دونوں ممالک کے کھلاڑیوں کو پی ایس ایل، آئی پی ایل میں شرکت کی اجازت ہونی چاہیئے : سابق ٹیسٹ کرکٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 4 فروری 2022 17:06

محمد عامر، ویرات کوہلی اور روہت شرما کو پی ایس ایل میں کھیلتے دیکھنے کے خواہاں
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 4 فروری 2022ء ) فاسٹ بولر محمد عامر نے سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی اور ون ڈے کپتان روہت شرما جیسے کھلاڑیوں کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں دیکھنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ لیگ میں حصہ لیتے تو انہیں باؤلنگ کرنا اچھا لگتا۔ عامر نے کہا کہ کھیلوں کو سیاست سے الگ ہونا چاہیے اور دونوں ممالک کے کھلاڑیوں کو پی ایس ایل اور آئی پی ایل میں شرکت کی اجازت ہونی چاہیے تھی۔

محمد عامر نے کہا کہ ہم نے بطور کھلاڑی ہمیشہ کہا ہے کہ کرکٹ ہو یا کوئی اور کھیل، سیاست کو الگ الگ رکھنا چاہیے۔ محمد عامر کا کہنا تھا کہ مجھے ٹاپ بلے بازوں کو باؤلنگ کرنے جیسے چیلنجز پسند ہیں اور روہت شرما اور ویرات کوہلی جیسے کھلاڑیوں کو بائولنگ کرنا بہت اچھا ہوتا ۔

(جاری ہے)

آئی پی ایل ہو یا پی ایس ایل، اس میں شرکت پاکستان اور بھارت کے کھلاڑیوں کے لیے فائدہ مند ہوگی کیوں کہ شائقین کو بہترین کرکٹ دیکھنے کو ملے گی ۔

پاکستانی کھلاڑیوں نے 2008ء میں آئی پی ایل کے افتتاحی ایڈیشن میں حصہ لیا تھا جس کے بعد انہیں مقابلے میں حصہ لینے سے روک دیا گیا تھا۔ دوسری جانب بھارتی کھلاڑیوں کو آئی پی ایل کے علاوہ دنیا بھر کی ٹی ٹونٹی لیگز میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ہے۔ پاکستان اور بھارت 2013ء میں قومی ٹیم کے دورہ بھارت کے بعد سے کسی دو طرفہ سیریز میں آمنے سامنے نہیں ہوئے۔ دونوں ٹیمیں صرف آئی سی سی کے بڑے ٹورنامنٹس میں ایک دوسرے کا سامنا کرتی ہیں۔ دو طرفہ سیریز یا ٹی ٹونٹی لیگز میں دونوں ممالک کے سپر سٹارز کو ایک دوسرے کے خلاف مقابلہ کرتے ہوئے دیکھنے کا امکان کم نظر آتا ہے کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان تناؤ اب بھی بہت زیادہ ہے۔
وقت اشاعت : 04/02/2022 - 17:06:23

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :