مصباح الحق نے ڈراپ ان پچز کی مخالفت کردی

اگر آپ مختلف مٹی کے ساتھ پچ بناتے ہیں تو یہ زیادہ مددگار ثابت ہوگا،آپ مٹی کی صحیح مقدار کا استعمال کرکے پچ کی سختی اور اچھال کو کنٹرول کرسکتے ہیں: سابق ہیڈ کوچ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 11 فروری 2022 15:09

مصباح الحق نے ڈراپ ان پچز کی مخالفت کردی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 11 فروری 2022ء ) پاکستان کے سابق کپتان اور کوچ مصباح الحق ملک میں سٹیڈیمز کے لیے ڈراپ ان پچز کے خیال سے متاثر نہیں ہیں۔ 47 سالہ مصباح الحق نے ایک انٹرویو میں کہا کہ میں جانتا ہوں کہ پی سی بی کے چیئرمین اس بارے میں بہت بات کر رہے ہیں لیکن ڈراپ ان پچز اس کا حل نہیں ہیں۔ کراپ ان پچز زیادہ تر کثیر المقاصد سٹیڈیم میں استعمال ہوتی ہیں جہاں آپ کو فٹ بال، رگبی اور دیگر کھیل کھیلنا ہوتے ہیں ، کرکٹ کے آف سیزن میں دیگر کھیلوں میں پچ کو برقرار نہیں رکھا جا سکتا، مجھے نہیں لگتا کہ پاکستان میں ڈراپ ان پچز کی ضرورت ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے رمیز راجہ نے پاکستان میں ڈراپ ان پچز کی اہمیت پر زور دیا ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ سال پی سی بی اور عارف حبیب گروپ نے ڈراپ ان پچز کی تنصیب کے لیے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے تھے۔ یہ شراکت داری پچوں کے معیار کو بہتر بنانے کے راجہ کے وژن کے ساتھ منسلک تھی، جس کے نتیجے میں ابھرتے ہوئے کرکٹرز کو اپنی تکنیک کو بہتر بنانے اور بیرون ملک دوروں پر بہتر کارکردگی دکھانے میں مدد ملے گی۔

مصباح کا خیال ہے کہ مختلف مٹی کے ساتھ پچز بنانا پاکستان کو درپیش مسائل کا جواب ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ مختلف مٹی کے ساتھ پچ بناتے ہیں تو یہ زیادہ مددگار ثابت ہوگا۔ بالکل اسی طرح جیسے دبئی میں جہاں ان کے پاس آسٹریلوی پچز اور ایشین پچز مختلف مٹیوں سے بنی ہیں جو بلے بازوں کو مختلف حالات کے بارے میں اچھی طرح سے اندازہ لگانے میں مدد کرتی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے سائنسی طریقے سے پچز بنانے پر زیادہ توجہ نہیں دی ہے۔ آپ مٹی کی صحیح مقدار کا استعمال کرکے پچ کی سختی اور اچھال کو کنٹرول کرسکتے ہیں، مختلف موسموں میں اسے کیسے پانی دینا ہے اور آپ کو اسے سائنسی طریقے سے لینا ہوگا۔
وقت اشاعت : 11/02/2022 - 15:09:52

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :