بابر ورلڈ کلاس کھلاڑی، فی الحال آپ انکا کوہلی سے موازنہ نہیں کر سکتے: مصباح الحق

کوہلی بہت کچھ پہلے ہی حاصل کر چکے ہیں، دونوں کے مابین موازنہ تب درست ہوگا جب بابر یہ سب کچھ حاصل کر لیں گے: سابق کوچ و کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 15 فروری 2022 12:56

بابر ورلڈ کلاس کھلاڑی، فی الحال آپ انکا کوہلی سے موازنہ نہیں کر سکتے: مصباح الحق
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 15 فروری 2022ء ) پاکستان کے سابق ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ بابر اعظم مہارت اور تکنیک کے لحاظ سے عالمی معیار کے کھلاڑی ہیں لیکن فی الحال ان کا موازنہ ویرات کوہلی سے نہیں کیا جا سکتا۔ کرکٹ برادری میں دونوں کھلاڑیوں کے درمیان بہت سے موازنہ کیے گئے ہیں، بہت سے ماہرین دونوں کھلاڑیوں کے بارے میں اپنی اپنی رائے رکھتے ہیں ۔

مصباح الحق سے جب دونوں کھلاڑیوں کے درمیان موازنہ کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ کوہلی پہلے ہی بہت کچھ حاصل کر چکے ہیں اور طویل عرصے میں مسلسل رنز بنانا ایک بہت مشکل کام ہے۔ ایک انٹرویو میں مصباح الحق نے کہا کہ میں نے کئی بار اس کی وضاحت کی ہے، ظاہر ہے کہ وہ ایک ہی کیٹگری میں آتے ہیں لیکن کوہلی بہت کچھ پہلے ہی حاصل کر چکے ہیں، دونوں کے مابین موازنہ تب درست ہو گا جب بابر یہ سب کچھ حاصل کر لیں گے۔

(جاری ہے)

مصباح الحق کا کہنا تھا کہ آپ بابراعظم کو مہارت کے لحاظ سے کوہلی کے ہم پلہ بلے باز قرار دے سکتے ہیں ، جس طرح سے وہ اس وقت بیٹنگ کر رہے ہیں لیکن ایک وقفے کے ساتھ مسلسل ایسا کرنا اور رنز بنانا میرے خیال میں یہ سب سے مشکل حصہ ہے۔ کوہلی نے اب تک 70 بین الاقوامی سنچریاں سکور کی ہیں جبکہ بابر نے ان کے 7 سال بعد اپنا ڈیبیو کیا اور ان کے نام 20 بین الاقوامی سنچریاں ہیں۔ مصباح الحق نے کہا کہ آپ ان دونوں کا موازنہ تب کریں گے جب بابر کوہلی جیسا پرفارم کرے گا، کھیل، مہارت، تکنیک اور جس طرح سے اپنے شاٹس کھیلتا ہے، بابر اعظم ایک ورلڈ کلاس بلے باز ہے لیکن مجھے لگتا ہے کہ آپ اس وقت دونوں کا موازنہ نہیں کر سکتے۔
وقت اشاعت : 15/02/2022 - 12:56:36

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :