معروف بھارتی صوفی گلوکار ہنس راج ہنس نے رواں سال انٹرنیشنل یوتھ فیسٹیول شرکت کی دعوت قبول کرلی

ہفتہ 20 ستمبر 2014 22:07

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20ستمبر 2014ء) معروف بھارتی صوفی گلوکار ہنس راج ہنس نے رواں سال نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ہونیوالی انٹرنیشنل یوتھ فیسٹیول کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی دعوت قبول کرلی ہے۔ جالندھر میں ہنس راج ہنس نے پنجاب سپورٹس بورڈ کے ترجمان عبدالرؤف روفی ،لاہورلائنز کبڈی ٹیم کے منیجررانا ندیم انجم اور پاکستانی میڈیا کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔

ترجمان پنجاب سپورٹس بورڈ عبدالرؤف روفی نے ہنس راج ہنس کو صوبائی وزیررانا مشہود احمد خان اور ڈی جی سپورٹس بورڈ پنجاب عثمان انور کی جانب سے خیرسگالی کا پیغام پہنچایا جس پر ہنس راج ہنس نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پنجاب حکومت اور پنجاب سپورٹس بورڈ کے خیرسگالی پیغام کے جواب میں کہا کہ لاہور اور پاکستانی پنجاب سے ان کی محبت لازوال ہے اور انہوں نے دعا کی کہ پنجاب حکومت اور پنجاب سپورٹس بورڈ یوتھ کی ترقی کیلئے جو اقدامات کررہی ہے اس میں کامیابی حاصل ہو۔

(جاری ہے)

ہنس راج ہنس نے سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے انٹرنیشنل یوتھ فیسٹیول کی افتتاحی تقریب میں لاہور آنے کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہاکہ ان کیلئے یہ بڑا اعزاز ہوگا کہ وہ دنیا کے سب سے بڑے فیسٹیول کا حصہ بنیں گے۔ ہنس راج ہنس نے کہاکہ ان کے دونوں بیٹے بھارتی پنجاب کے یوتھ فیسٹیول کے ذریعے آگے نکلے اور انڈسٹری میں جگہ بنائی ، اسی طرح انہیں یقین ہے کہ پنجاب حکومت اور پنجاب سپورٹس بورڈ جن نوجوانوں کو یوتھ فیسٹیول میں صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دے رہا ہے اس سے نوجوانوں کی زندگی بدل جائے گی۔

ہنس راج ہنس نے کہاکہ صوفی ازم کے ساتھ لگاؤ کی وجہ سے وہ میوزک سے دور ہوگئے ہیں تاہم لاہورآکر انٹرنیشنل یوتھ فیسٹیول میں وہ ایک بار پھر سٹیج پر پرفارم کرکے فیسٹیول کی کامیابی میں اپنا حصہ ڈالیں گے۔ ہنس راج ہنس نے پنجاب سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل عثمان انور کی لگاتار تین کامیاب یوتھ فیسٹیول کے انعقاد کی کاوش کو سہراتے ہوئے کہاکہ انہیں خوشی ہے کہ پاکستانی پنجاب میں کھیلوں کا کلچر بلندیوں پر پہنچ گیا ہے جس کی واضح مثال طویل عرصہ بعد کبڈی میں پاکستانی نوجوانوں نے دوبارہ عروج حاصل کیا ہے۔

وقت اشاعت : 20/09/2014 - 22:07:27