مصباح الحق نے شاداب خان کی کپتانی پر سوالات اٹھا دیئے

اپنے اہم ترین بولر کو ہی اوورز کروانا لازمی نہیں ، اگر کوئی ابھرتا ہوا کھلاڑی اچھی بولنگ کر رہا ہے تو آپ کو اس پر بھروسہ کرنا چاہیے: سابق ہیڈ کوچ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 17 فروری 2022 15:38

مصباح الحق نے شاداب خان کی کپتانی پر سوالات اٹھا دیئے
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 17 فروری 2022ء ) کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف اہم میچ میں ذیشان ضمیر اور وقاص مقصود پر حسن علی اور محمد وسیم کو ترجیح دینے کے بعد مصباح الحق شاداب خان کی کپتانی کے مداح نہیں ہیں۔ سابق ٹیسٹ کپتان نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ انہوں نے شاداب خان پر اس وقت بھروسہ کیا جب وہ اسلام آباد یونائیٹڈ میں ابھرتے ہوئے کھلاڑی تھے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے سنسنی خیز میچ ہارنے کے بعد شاداب خان کی کپتانی پر اپنا جائزہ دیتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ وقاص مقصود نے بہت اچھی بولنگ کی لیکن شاداب نے انہیں بلا وجہ باہر رکھا۔ اپنے اہم ترین بولر کو ہی اوورز کروانا لازمی نہیں ہے اور وہ ویسے بھی آؤٹ آف فارم ہو، اگر کوئی ابھرتا ہوا کھلاڑی اچھی بولنگ کر رہا ہے تو آپ کو اس پر بھروسہ کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

اسلام آباد یونائیٹڈ کے ابھرتے ہوئے باؤلر کے طور پر شاداب خان کا اعتماد بڑھانے کا دعویٰ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کے سابق کپتان نے مزید کہا کہ شاداب سے یہ بھی پوچھیں کہ جب وہ ابھرتا ہوا کھلاڑی تھا تو کیا کبھی میں نے اس کے اوور مکمل نہیں کروائے اور صرف ایک اوور کرنے دیا ، میں نے ہمیشہ شاداب کو ایک مین باؤلر کی طرح استعمال کیا اور اسی لیے وہ آج شاداب خان ہے۔

نوجوان کپتان پر تنقید کرتے ہوئے مصباح الحق کا مزید کہنا تھا کہ اپنے ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کے ساتھ ایسا نہ کریں ،اگر مبصر کو کھلایا جا رہا ہے تو وہ نہ بیٹنگ کر رہا ہے اور نہ ہی بولنگ، دوسرے ابھرتے ہوئے کھلاڑی ذیشان ضمیر نے پہلا اوور اچھا کروایا لیکن شاداب نے اسے دوسرا اوور نہیں دیا۔ جب حسن علی کو ان کی خراب فارم کے باوجود کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف آخری اوور کرنے دینے کے بارے میں سوال کیا گیا تو کپتان شاداب خان نے کہا کہ اب پیچھے مڑ کر دیکھیں تو بہت سی چیزیں ہیں جو مختلف طریقے سے کی جا سکتی تھیں لیکن اس وقت میں نے نوجوان کھلاڑی ذیشان ضمیر کو دبائو میں نہ ڈالنے کا فیصلہ کیا اور اہم وقت میں سینئر باؤلر کے ساتھ گیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف شکست میں حسن علی اور محمد وسیم نے بالترتیب 13.36 اور 15.25 فی اوور رنز دیے۔
وقت اشاعت : 17/02/2022 - 15:38:43

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :