شاہین آفریدی کا سپورٹس مین سپرٹ کا مظاہرہ ،اسلام آباد یونائیٹڈ کو ٹاس کے بعد ٹیم میں تبدیلی کی اجازت دیدی

ٹاس کے بعد حسن علی زخمی ہوگئے، شاہین آفریدی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو مارچنٹ ڈی لینج کھلانے کی اجازت دی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 19 فروری 2022 19:34

شاہین آفریدی کا سپورٹس مین سپرٹ کا مظاہرہ ،اسلام آباد یونائیٹڈ کو ٹاس کے بعد ٹیم میں تبدیلی کی اجازت دیدی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 19 فروری 2022ء ) لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے شاندار سپورٹس مین سپرٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کو ٹاس کے بعد ٹیم میں تبدیلی کرنے کی اجازت دیدی ہے ۔ ذرائع کے مطابق لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین ٹاس کے بعد فاسٹ بائولر حسن علی انجری کا شکار ہوگئے۔ پی ایس ایل قوانین کے اصول 1.2.1 کے مطابق اسلام آباد کے کپتان آصف علی اور شاہین شاہ آفریدی نے اسلام آباد یونائیٹڈ سکواڈ میں حسن علی کے لیے مارچنٹ ڈی لینج کو تبدیل کرنے پر اتفاق کیا ۔

یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 27ویں میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

(جاری ہے)

ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ کوشش کریں گے کہ اچھا اسکور بنائیں۔ راشد خان کی غیر موجودگی سے متعلق کپتان لاہور قلندرز کا کہنا تھا کہ راشد نمبر ون بولر ہیں، انہیں مس کریں گے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان آصف علی کا کہنا تھا کہ کوشش کریں گے کہ کم اسکور پر حریف ٹیم کو روکیں۔ اپنی کپتانی سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ کپتانی کرنے سے کچھ نہ کچھ سیکھنے کو مل رہا ہے۔ خیال رہے کہ ایک روز قبل لاہور قلندرز کو کراچی کنگز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
وقت اشاعت : 19/02/2022 - 19:34:51

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :