حارث رؤف نے کندھے پر مارنا چاہا تھا جسے زور دار تھپڑ بنا دیا گیا: ثمین رانا

حارث رؤف، کامران غلام کی ایک دوسرے سے گہری دوستی ، حارث غصے میں اپنے دوست کو مارنے کا سوچ بھی نہیں سکتا: سی او او قلندرز

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 22 فروری 2022 14:53

حارث رؤف نے کندھے پر مارنا چاہا تھا جسے زور دار تھپڑ بنا دیا گیا: ثمین رانا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 22 فروری 2022ء ) لاہور قلندرز کے چیف آپریٹنگ آفیسر (سی او او) ثمین رانا کا کہنا ہے کہ قلندرز کا پورا اسکواڈ ایک فیملی کی طرح ہے۔ جیو نیوز کے مطابق لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے ثمین رانا نے کہا کہ حارث رؤف اور کامران غلام کی ایک دوسرے سے گہری دوستی ہے، حارث غصے میں اپنے دوست کو مارنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے آپس کے مذاق میں حارث رؤف نے کندھے پر مارنا چاہا تھا جسے زور دار تھپڑ بنا دیا گیا، حارث رؤف اور کامران غلام کی اس سے پہلے اور بعد کی ویڈیوز بھی دیکھنی چاہییں۔

ثمین رانا کا کہنا تھا کہ لاہور قلندرز کے کھلاڑی متحرک ہیں اور ملتان سلطانز کے خلاف کوالیفائرپرفوکس ہے۔ انہوں نے کہا کہ شکستوں سے سیکھا ہے فیلڈنگ بہتر کرنا ہے اور بیٹنگ میں تسلسل لانا ہے۔

(جاری ہے)

قلندرز کے سی او او نے مزید کہا کہ فل سالٹ اور ڈیوڈ ویسا سے رنز درکار ہیں، حفیظ فارم میں آ گئے ہیں اور فخر مزید رنز کریں گے۔ اس کے علاوہ ان کا کہنا تھا کہ راشد خان ورلڈ کلاس کرکٹر ہیں، ان کی کمی تو کوئی پوری نہیں کر سکتا،کمبی نیشن بنانے کی کوشش کی ہے، آئندہ بھی اچھی پرفارمنس ہو گی۔ انہوں نے لاہور کے کراؤڈ کے حوالے سے کہا کہ میں شکریہ ادا کرتا ہوں، جنہوں قذافی اسٹیڈیم کو فُل کیا اور ساتھ ہی لاہور قلندرز کو سپورٹ کیا۔
وقت اشاعت : 22/02/2022 - 14:53:19

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :