پی ایس ایل 7 فائنل، لاہور قلندرز کا ملتان سلطانز کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

ملتان سلطانز ٹائٹل کا دفاع کرنے کے لیے میدان میں اترے گی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 27 فروری 2022 19:04

پی ایس ایل 7 فائنل، لاہور قلندرز کا ملتان سلطانز کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 27 فروری 2022ء ) پی ایس ایل 7 کے فائنل میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی ایس ایل 7 کا فیصلہ کن معرکہ آج لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان ہورہا ہے، 2017ء کے بعد پہلی بار لاہور کا تاریخی گراؤنڈ قذافی سٹیڈیم فائنل کی میزبانی کرے گا، پچ بیٹنگ کے لیے سازگار ہے۔

ملتان سلطانز نے کوالیفائر میں لاہور قلندرز کو 28 رنز سے شکست دے کر براہ راست فائنل میں رسائی حاصل کی تھی، قلندرز نے دوسرے ایلیمنیٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6 رنز سے ہرا کر ٹائٹل کی جانب قدم بڑھایا، کوالیفائر سے قبل لیگ مرحلے کے باہمی مقابلے میں دونوں ٹیموں نے ایک ایک میچ جیتا، اس سیزن میں دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز کو شکست دینے والی واحد ٹیم بھی لاہور قلندرز ہی ہے۔

(جاری ہے)

ملتان سلطانز کی قیادت آئی سی سی ٹی ٹونٹی پلیئر آف ایئر محمد رضوان کررہے ہیں،وہ بہترین قیادت کے ساتھ انفرادی کارکردگی کا گراف بھی بلند رکھتے ہوئے 532 رنز بناچکے ہیں، اس میں7 ففٹیز بھی شامل ہیں،ساتھی اوپنر شان مسعود نے 459 رنز بنائے ہیں، عامر عظمت، رائیلی روسو اور خوشدل شاہ کسی بھی بولنگ لائن اپ کو تہس نہس کرسکتے ہیں،پیسرز میں ٹیم کو شاہنواز دھانی، آصف آفریدی اور رومان رئیس کی خدمات میسر ہیں، سپنر عمران طاہر کا ساتھ دینے کیلیے خوشدل شاہ بھی موجود ہوں گے۔

گزشتہ سال آئی سی سی کے بہترین کرکٹر قرار پانے والے شاہین شاہ آفریدی کی زیرقیادت لاہور قلندرز کے فخر زمان اپنے کیرئیر کی بہترین فارم میں ہیں، اوپنر اب تک 7 ففٹیز اور ایک سنچری سمیت 585 رنز بناچکے ہیں، کسی ایک ٹورنامنٹ میں 600 رنز بنانے والے پہلے بیٹر کا اعزاز ان کی دسترس میں ہے، وہ گزشتہ میچ کی ناکامی کا ازالہ کرنے کی کوشش کریں گے،فل سالٹ ابھی تک صلاحیتوں کے جوہر نہیں دکھاسکے لیکن جارحانہ بیٹنگ کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

عبداللہ شفیق نے دوسرے ایلیمنیٹر میں عمدہ بیٹنگ سے سابق کرکٹرز کو تعریف پر مجبور کردیا تھا،کامران غلام،محمد حفیظ اور ہیری بروک پر قابو پانا آسان نہیں ہوگا،سمیت پٹیل اور ڈیوڈ ویزا بولنگ کے ساتھ بیٹنگ میں بھی حریف کو دباؤ کا شکار کرسکتے ہیں، شاہین شاہ آفریدی،حارث رؤف اور زمان خان پر مشتمل پیس بیٹری بھی ستم ڈھانے کے لیے بے تاب ہے۔

کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ دوسرے ایلیمینٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ پرسنسنی خیز میچ میں کامیابی کے بعد لاہور قلندرز کی نظریں اب ٹرافی پر مرکوز ہیں، ایک ماہ ٹیم نے لاجواب کرکٹ کھیلی، ملتان سلطانز کی ٹیم بھرپور فارم میں ہے تاہم لاہور قلندرز اسے ہرانے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ تماشائیوں سے بھرے اسٹیڈیم میں کھیلنے اور پھر کامیابی حاصل کرنے سے بڑی کوئی اورخوشی نہیں ہوسکتی، ہر میچ کے لیے بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کرنے پر ہم لاہور کی عوام کے مشکور ہیں، فائنل کے روزبھی اسٹیڈیم بھر دیں تاکہ ہم ٹرافی اٹھا کر ان کا شکریہ ادا کرسکیں۔

ملتان سلطانز کے قائد محمد رضوان نے کہا کہ ہمارے لیے یہ ٹورنامنٹ شاندار رہا، ایک کپتان کی حیثیت سے میں اپنے کھلاڑیوں سے اس سے بڑھ کر کچھ توقع نہیں کرسکتا تھا، دفاعی چیمپئن ہونے کا دباؤ ہوتا ہے تاہم ملتان سلطانز کی مینجمنٹ اور تمام کھلاڑیوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ لاہور قلندرز نے اب تک ایونٹ میں بہترین کرکٹ کھیلی، انھیں کراؤڈ سے بھی بھرپور سپورٹ میسر ہوگی، امید ہے کہ فائنل میں ملتان سلطانز کے فینز بھی بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کریں گے، گزشتہ سال ملتان سلطانز نے ابوظبی کے خالی اسٹیڈیم میں ٹرافی اٹھائی تھی مگر اس مرتبہ تماشائیوں سے بھرے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں فائنل جیتیں گے۔

رضوان نے مزید کہا کہ میں پورے ٹورنامنٹ میں بھرپور سپورٹ کرنے پر ملتان سلطانز کے تمام فینز کا شکر گزار ہوں۔
وقت اشاعت : 27/02/2022 - 19:04:32

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :