یوکرین تنازع: فیفا نے روس کو فٹبال ورلڈکپ 2022ء سے باہر کردیا

روسی فٹ بال ٹیم پر پابندی کا فیصلہ فیفا کونسل اور یوئیفا کی ایگزیکٹو کمیٹی نے کیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 1 مارچ 2022 11:22

یوکرین تنازع: فیفا نے روس کو فٹبال ورلڈکپ 2022ء سے باہر کردیا
دوحا (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ یکم مارچ 2022ء ) یوکرین میں جنگی کارروائیوں کے بعد فیفا نے بھی روس پر فٹبال کے عالمی ورلڈکپ میں شرکت پر پابندی لگادی۔ ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے ہرقسم کے مقابلوں میں روس کے حصہ لینے پر پابندی عائد کردی ہے جبکہ فیفا اور دی یونین آف یورپین فٹبال ایسوسی ایشن (یوئیفا) نے مشترکہ اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس کسی بھی قسم کے فٹبال مقابلوں میں شرکت نہیں کرسکے گا۔

اس کے علاہ یوئیفا نے روسی توانائی کمپنی گیزپروم کے ساتھ اسپانسر شپ کا معاہدہ بھی منسوخ کردیا ہے، جو 2012ء سے جاری تھا جس کی قیمت تقریباً 40 ملین یورو فی سیزن بتائی جارہی ہے۔ دوسری جانب روس کی قومی فٹبال ٹیم نے 24 مارچ کو قطر 2022ء ورلڈکپ کے پلے آف مرحلے کے لیے پولینڈ کے ساتھ کھیلنا تھا تاہم روسی فٹبال فیڈریشن کی جانب سے اب تک کوئی اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل یوئیفا چیمپئن شپ 22-2021ء کے فائنل کی میزبانی روس سے واپس لے لی گئی تھی جبکہ یوکرین کے ہمسایہ ملک پولینڈ نے روس کی جانب سے یوکرین میں فوجی کارروائی کے خلاف روس سے فٹ بال ورلڈکپ کا کوالیفائر میچ کھیلنے سے انکار کردیا تھا۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں فیفا نے بین الاقوامی میچز میں روسی پرچم اور ترانے کے استعمال پر پابندی عائد کی تھی اور کہا تھا کہ روس میں کوئی بھی بین الاقوامی فٹ بال میچ نہیں کھیلا جائے گا۔
وقت اشاعت : 01/03/2022 - 11:22:59

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :