یاسر شاہ ابھی مکمل فٹ نہیں، کپتان بابر اعظم

لیگ سپنر نے گزشتہ چند ماہ سے مسابقتی کرکٹ نہیں کھیلی، جب وہ مکمل فٹ ہوجائیںگے تو ہم ان کی خدمات سے استفادہ حاصل کرسکتے ہیں : قومی کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 3 مارچ 2022 15:09

یاسر شاہ ابھی مکمل فٹ نہیں، کپتان بابر اعظم
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 3 مارچ 2022ء ) پاکستان کے آل فارمیٹ کے کپتان بابر اعظم کا دعویٰ ہے کہ لیگ سپنر یاسر شاہ ابھی بھی فٹنس مسائل سے نبرد آزما ہیں۔ ورچوئل پریس کانفرنس میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بابر اعظم سے آسٹریلیا کے خلاف آئندہ سیریز میں یاسر شاہ کے ممکنہ کردار کے بارے میں پوچھا گیا۔ بابراعظم نے کہا کہ یاسر شاہ کی انجری اور اس کے بعد ان کی فٹنس کا مسئلہ تھا۔

انہیں تربیتی کیمپ میں بلایا گیا اور فٹنس دوبارہ حاصل کرنے کے لیے کافی کام کیا گیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یاسر شاہ فی الحال ریزرو میں ہے کیونکہ اب بھی ان کی فٹنس پر کام جاری ہے، انہوں نے پچھلے ایک یا دو مہینوں میں کوئی مسابقتی میچ نہیں کھیلا ہے جس کی وجہ سے انہیں مزید محنت کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

یاسر شاہ کو پاکستان کے سکواڈ میں بطور ریزرو کھلاڑی شامل کیا گیا تھا اور ان کی فٹنس بحال ہونے کے بعد انہیں بلایا جائے گا۔

بابر اعظم نے کہا کہ یاسر شاہ پاکستان کے بہترین سپنرز میں سے ایک رہے ہیں اور جب بھی وہ دوبارہ مکمل فٹنس حاصل کر لیں گے تو ہم ان کی مہارت کو بروئے کار لائیں گے۔ آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے ٹیم کا اعلان ہونا ابھی باقی ہے۔ پانچ روزہ ٹیسٹ میچ کل سے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہوگا۔ ٹیسٹ میچ کے دوران بارش کے حوالے سے خدشات ہیں کیونکہ دونوں ٹیموں کے آج ہونے والے پریکٹس سیشن منسوخ کر دیے گئے ہیں۔ دیکھنا یہ ہے کہ میچ والے دن موسم کیا ہوتا ہے۔
وقت اشاعت : 03/03/2022 - 15:09:55

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :