پنڈی ٹیسٹ، پاکستان نے پہلی اننگز 4 وکٹوں پر 476 رنز بنا کر ڈکلیئر کردی،آسٹریلیا کے بغیر وکٹ کے 5 رنز

اظہر علی کے 185 اور امام الحق کے 157 رنز

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 5 مارچ 2022 16:33

پنڈی ٹیسٹ، پاکستان نے پہلی اننگز 4 وکٹوں پر 476 رنز بنا کر ڈکلیئر کردی،آسٹریلیا کے بغیر وکٹ کے 5 رنز
راولپنڈی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 5 مارچ 2022ء ) راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 4 وکٹ کے نقصان پر 476 رنز بنا کر ڈکلیئر کردی جس کے بعد خراب روشنی کے باعث کھیل کے اختتام تک آسٹریلیا نے بغیر وکٹ کھوئے 5 رنز بنالیے ۔ پاکستان نے 1 وکٹ کے نقصان پر 245 رنز سے میچ کا آغاز کیا۔ کھانے کے وقفے تک پاکستان نے 302 رنز بنالیے۔ کھانے کے بعد کھیل کا آغاز ہوا تو اظہر علی نے اپنی سنچری مکمل کرلی۔

انہوں نے 8 چوکے اور ایک چھکا لگاکر سنچری مکمل کی۔ یہ ان کی 19 ویں ٹیسٹ سنچری ہے۔ پاکستان کی دوسری وکٹ 313 رنز پر گر گئی اور اوپنر امام الحق 157 رنز بناکر پیٹ کمنز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ اظہر علی اور امام الحق نے 208 رنز کی شراکت داری کی۔ کپتان بابر اعظم 36 رنز بناکر رن آؤٹ جب کہ اظہر علی 185 رنز پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل پہلے روز ٹاس جیتنے کے بعد قومی ٹیم نے 1 وکٹ کے نقصان پر 245 رنز بنائے۔

اوپنر امام الحق اور عبداللہ شفیق نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 105 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم کھانے وقفے سے ایک اوور قبل نتھین لائن نے پیٹ کمنز کے ہاتھوں عبداللہ شفیق کو 44 کے انفرادی اسکور پر پویلین بھیج دیا۔ امام الحق نے شاندار بلےبازی کا سلسلہ جاری رکھا اور کیرئیر کی پہلی ٹیسٹ سنچری اسکور کی، وہ 15 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 132 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ اظہر علی نے انکا بھرپور ساتھ دیا اور 64 رنز بنائے۔

آسٹریلیا کی جانب سے واحد وکٹ نیتھن لیون نے حاصل کی۔ ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ پچ بیٹنگ کے لیے سازگار لگ رہی ہے، ہم بڑا سکور کرنے کی کوشش کریں گے۔ پاکستانی بیٹنگ سائیڈ کی جانب سے پہلے ٹیسٹ کے لیے اوپنر امام الحق اور عبداللہ شفیق میدان میں اترے ہیں۔ راولپنڈی میں کھیلے جانے والے اس تاریخی ٹیسٹ میچ کے پہلے اور دوسرے روز مطلع صاف رہنے کی پیش گوئی ہے البتہ آخری تین دن ہلکی اور تیز بارش کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ آسٹریلیا کی ٹیم نے 1998ء سے پاکستان کا دورہ نہیں کیا جس کی وجہ سے وہ ان وکٹوں کے حوالے سے زیادہ معلومات نہیں رکھتے البتہ راولپنڈی کی وکٹ عمومی طور پر فاسٹ باؤلرز کو سپورٹ کرتی ہے اور آسٹریلین پیس اٹیک کے لیے سازگار ہے۔ آسٹریلیا کی ٹیم 24 سال بعد پاکستان آئی ہے، دونوں ٹیمیں راولپنڈی میں 4 مارچ سے 8 مارچ تک پہلا ٹیسٹ میچ کھلیں گی، جس کے بعد دوسرا ٹیسٹ 12 سے 16 مارچ کراچی اور تیسرا لاہور میں 21 مارچ سے 25 مارچ تک کھیلا جائے گا۔

پاکستانی ٹیم بابر اعظم(کپتان) ، امام الحق، عبداللہ شفیق، اظہر علی، فواد عالم، افتخار احمد، محمد رضوان(وکٹ کیپر)، نعمان علی، ساجد خان، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ پر مشتمل ہے جب کہ آسٹریلیا کی پلیئنگ الیون میں پیٹ کمنز(کپتان)، ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، مارنس لبسشین، سٹیو سمتھ، ٹریوس ہیڈ، کیمرون گرین، ایلکس گرے، مشیل اسٹاک، نتھان لیون اور جوش ہیزل ووڈ شامل ہیں ۔
وقت اشاعت : 05/03/2022 - 16:33:02

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :