فیسکوانتظامیہ نے کھلاڑیوں کے ماہانہ معاوضہ میں 3ہزار روپے اضافہ کردیا

بدھ 24 ستمبر 2014 17:06

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24ستمبر۔2014ء)فیسکوانتظامیہ نے کھلاڑیوں کے ماہانہ معاوضہ میں 3ہزار روپے اضافہ کردیا ہے جوکھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کاباعث ہوگا ،کھیلیں صحت مند جسم اور معاشرے کی تشکیل میں کلیدی کردار اداکرتی ہیں ۔فیسکو قومی کھیلوں کے فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کررہا ہے ۔یہ باتیں فیسکو ڈائریکٹر /چئیرمین ایچ آر کمیٹی چوہدری جاوید کمال نے سپورٹس کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں ۔

انھوں نے مزید کہا کہ فیسکو کے کھلاڑیوں نے قومی اور بین الا اقوامی سطح پر اعزازات حاصل کرکے ہمیشہ ملک اور کمپنی کا نام روشن کیا ہے ۔وہ خود کھیلوں سے دلچسپی رکھتے ہیں کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے ان کا معاوضہ 5ہزار روپے کی بجائے 8ہزار روپے ماہانہ کردیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

کھلاڑیوں کی پریکٹس کیلئے فیسکو ہیڈکوارٹرز میں ملٹی پرپز (Multi Purpose)جِم بنایا جائے گا اور کھلاڑیوں کو واپڈا سٹی میں جدید میدان میں پریکٹس کی سہولت مہیا کی جائے گی ۔

علاو ہ ازیں کھلاڑیوں کی کمی کو دور کرنے کیلئے ان کو خالصتاً میرٹ اور پرفارمنس کی بنیادوں پررکھا جائے گا ۔صدر فیسکو سپورٹس ایسوسی ایشن احسان محمد صدیقی،سیکرٹری مجاہد پرویز چٹھہ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کے فروغ میں کمپنی کی خدمات ناقابل فراموش ہیں ۔فیسکو ہمیشہ سے کھیلوں کی ترقی اور نئے کھلاڑیوں کیلئے شاندار نرسری رہی ہے۔

ا نھوں نے کھلاڑیوں کو ہدایت کی کہ وہ دلجمعی اور خلوص نیت سے محنت کریں ۔قبل ازیں اجلاس میں شریک ٹیبل ٹینس،فٹبال،بیڈ منٹن،ہینڈ بال،سوئمنگ،باسکٹ بال،بیس بال،جوڈو،ریسلنگ،باڈی بلڈنگ،ہاکی،تگ آف وار،کبڈی،کرکٹ،کراٹے،ویٹ لفٹنگ،با کسنگ،اتھلیٹک(مین)،اتھلیٹک (وو مین)،ٹینس اوروالی بال کی ٹیموں کے منیجرز نے کھلاڑیوں کی کارکردگی اور اپنے مسائل کے بارے میں آگاہ کیا اور کھلاڑیوں کی کارکردگی بڑھانے کیلئے تجاویز بھی زیر بحث آئیں ۔بعدازاں کوچز نے بھی اپنے مسائل اور کارکردگی سے آگاہ کیا ۔

وقت اشاعت : 24/09/2014 - 17:06:45