ڈیوڈ وارنر کراچی ٹیسٹ میں بہتر وکٹ دیکھنے کے خواہاں

جب پی ایس ایل ہوتا ہے تو میں ان دنوں انٹرنیشنل کرکٹ کھیل رہا ہوتا ہوں، اسلئے ایک اچھی لیگ میں شرکت کرنا مشکل ہو جاتا ہے : آسٹریلین اوپنر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 10 مارچ 2022 12:10

ڈیوڈ وارنر کراچی ٹیسٹ میں بہتر وکٹ دیکھنے کے خواہاں
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 10 مارچ 2022ء ) آسٹریلوی ٹیسٹ اوپنر ڈیوڈ وارنر نے کہا ہے کہ راولپنڈی ٹیسٹ کی بے جان وکٹ کے بعد اب ہم چاہتے ہیں کہ کراچی میں بہتر وکٹ بنائی جائے۔ کراچی میں ورچوئل پریس کانفرنس میں ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ راولپنڈی کی وکٹ بے جان تھی لیکن کراچی میں میچ سے قبل کنڈیشن کا جائزہ لیں گے اور کراچی ٹیسٹ میں کتنے سپنرز کھیلیں گے اس کا مجھے علم نہیں ہے، ہم ایسا میچ چاہتے ہیں جس میں باؤلرز کے لیے بھی مواقع ہوں۔

اوپنر بلے باز نے کہا کہ دورہ پاکستان کے حوالے سے اب تک سب کچھ مثبت ہے اور یہاں بہت پیار کرنے والے لوگ ہیں، پنڈی میں تماشائیوں نے بھی ہمیں سپورٹ کیا۔ کھیل کے دوران لطف اندوز ہونا چاہیے، تماشائی کھیل کا سب سے اہم حصہ ہیں اس لیے ان کے ساتھ انجوائے کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 24 برس کے بعد پاکستان کا دورہ خوش آئند اور کرکٹ کی کامیابی ہے، پی سی بی اور کرکٹ آسٹریلیا نے اس دورے کو ممکن بنانے کے لیے بہت کام کیا۔

ڈیوڈ اورنر نے کہا کہ میں سپن بولنگ پر راج کرنے والے اپنے ہم وطن آنجہانی شین وارن جیسا بننا چاہتا تھا، وہ ایک پائے کے کھلاڑی تھے جنہوں نے دنیا کے بڑے بڑے کھلاڑیوں کو اپنی انگلیوں پر نچایا جبکہ میں نے اپنا کیریئر بھی باؤلر کی حیثیت سے شروع کیا تھا۔ اوپنر بلےباز کا کہنا تھا کہ بدقسمتی ہے جب پی ایس ایل ہوتا ہے تو میں ان دنوں انٹرنیشنل کرکٹ کھیل رہا ہوتا ہوں، اس لیے ایک اچھی لیگ میں شرکت کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔
وقت اشاعت : 10/03/2022 - 12:10:00

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :