فلسطین میں اسرائیلی بربریت کا تذکرہ خبروں میں نمایاں طور پر نہیں آتا، علی فراغ

دنیا فلسطین کے بارے میں بھی اسی طرح بات کرے جسطرح یوکرین کے بارے میں کررہی ہے، اسکواش کھلاڑی

منگل 15 مارچ 2022 13:55

قاہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مارچ2022ء) اسکواش کی دنیا کے نمبر ون کھلاڑی علی فراغ نے کہا ہے کہ دنیا فلسطین کے بارے میں بھی اسی طرح بات کرے جسطرح یوکرین کے بارے میں کررہی ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق اسکواش کے نمبر ون کھلاڑی علی فراغ نے مغربی میڈیا کے اسی دہرے معیار پر آواز اٹھاتے ہوئے دنیا کو آئینہ دکھا دیا ہے۔مصر سے تعلق رکھنے والے اسکواش کھلاڑی علی فراغ نے آپٹاسیا چیمپئن شپ جیتنے کے بعد اپنی تقریر میں روس کے یوکرین حملے کے بعد مغرب کی میڈیا کوریج کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ مغربی میڈیا دنیا میں ہر جگہ ہونے والے مظالم کا احاطہ نہیں کرتا۔

مغربی میڈیا پر تنقید کرتے ہوئے علی فراغ نے واضح کہا کہ فلسطین میں اسرائیلی بربریت کا تذکرہ خبروں میں نمایاں طور پر نہیں آتا کیونکہ یہ مغرب کے میڈیا کے بیانیے سے مطابقت نہیں رکھتا۔

(جاری ہے)

علی فراغ نے فلسطین پر اسرائیل کے مظالم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ میرا مطلب ہے کہ فلسطینی گزشتہ 74 برسوں سے ظلم کا شکار ہیں اور جنگ جیسے ماحول سے گزر رہے ہیں تاہم مغربی میڈیا اس حوالے سے کوئی بات نہیں کرتا۔

کھلاڑی نے کہا کہ اب ہمیں یوکرین کے بارے میں بات کرنے کی اجازت دی گئی ہے تو اب ہم فلسطینیوں کے بارے میں بھی بات کرسکتے ہیں۔مصری کھلاڑی علی فراغ نے لوگوں سے اپیل کی کہ فلسطین کے بارے میں بھی اسی طرح بات کی جائے جس طرح وہ یوکرین کے بارے میں کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کبھی بھی سیاست اور کھیلوں کے بارے میں بات کرنے کی اجازت نہیں دی جاتی تاہم اب اچانک اس کی اجازت دی گئی ایسا کیوں مجھے امید ہے کہ لوگ دنیا میں ہرجگہ ہونے والے ظلم کو دیکھیں گے۔
وقت اشاعت : 15/03/2022 - 13:55:51

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :