خواہشمند بھارتی شائق ٹیسٹ کرکٹ میں بابر اعظم اور بمراہ کو آمنے سامنے دیکھنے کا خواہاں

ہمسایہ ممالک کے بہترین کرکٹرز کو ٹیسٹ کرکٹ میں ایک دوسرے کیخلاف کھیلتے دیکھنا چاہتا ہوں،بابر، رضوان، بمراہ، شامی، ایشون جیسے کھلاڑی آئی سی سی ایونٹس کے باہر ایک دوسرے کیخلاف آمنے سامنے نہیں آتے : کرکٹ ماہر سدرشنن

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 17 مارچ 2022 17:02

خواہشمند بھارتی شائق ٹیسٹ کرکٹ میں بابر اعظم اور بمراہ کو آمنے سامنے دیکھنے کا خواہاں
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 17 مارچ 2022ء ) نیشنل سٹیڈیم، کراچی میں آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ میچ بچانے کی پاکستان کی ریکارڈ ساز کوششوں کے بعد شائقین کرکٹ نے ہندوستانی سٹارز کو پاکستان کیخلاف کھیلتے دیکھنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ شائقین اب پاکستان اور بھارت کے سٹار کھلاڑیوں کو ٹیسٹ کرکٹ میں ایک دوسرے کیخلاف کھیلتے دیکھنا چاہتے ہیں۔

بھارتی سپورٹس صحافی اور کرکٹ ماہر سدرشنن نے اپنی خواہش کا اظہار کیا ہے کہ ’ ہمسایہ ممالک کے اعلیٰ درجے کے کرکٹرز کو ٹیسٹ کرکٹ میں ایک دوسرے کیخلاف کھیلتے ہوئے دیکھیں۔ چوتھی اننگز میں بابر اعظم کی ناقابل فراموش کوشش پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سدرشنن نے افسوس کا اظہار کیا کہ بابر اعظم، محمد رضوان، جسپریت بمراہ، محمد شامی اور روی چندرن ایشون جیسے کھلاڑی آئی سی سی ایونٹس کے باہر ایک دوسرے کے خلاف آمنے سامنے نہیں آتے‘۔

(جاری ہے)

دونوں روایتی حریفوں نے آخری بار 2007ء میں ریڈ بال کرکٹ کھیلی تھی جب پاکستان تین میچوں کی سیریز کیلئے بھارت کے دورے پر تھا جسے بھارت نے 1-0 سے جیتا تھا۔ دونوں ٹیموں نے آخری ون ڈے سیریز 2013ء میں کھیلی تھی جس میں پاکستان نے میزبان ٹیم کو 2-1 سے شکست دی تھی ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ پاک بھارت سیریز کے انعقاد کے بہت خواہش مند ہیں اور اس سلسلے میں انہوں نے اپنے بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے ہم منصب سورو گنگولی سے بات چیت کی تھی۔

پاکستان اور بھارت کی ٹیموں نے اب تک 59 ٹیسٹ میچز کھیلے ہیں اور ان میں سے بھارت نے 9 جیتے ہیں جب کہ پاکستان نے 12 مواقع پر فتح حاصل کی ہے جب کہ 38 میچ ڈرا پر ختم ہوئے۔ فی الحال روایتی حریفوں کے پاس سرخ اور سفید گیند دونوں کی کرکٹ کے لیے بہت سے باصلاحیت کرکٹرز موجود ہیں اور کرکٹ کے شائقین ان ستاروں کو پاکستان اور بھارت دونوں میں ایکشن میں دیکھنے کا شدت سے انتظار کر رہے ہیں۔
وقت اشاعت : 17/03/2022 - 17:02:50

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :