مایہ ناز سکواش چمپئن جان شیر خان کا خدمات تک رسائی کمیشن کا دورہ،، عوام کو آر ٹی ایس کمیشن سے فائدہ اُٹھانا چاہیے، جان شیر خان

جمعرات 24 مارچ 2022 22:22

مایہ ناز سکواش چمپئن جان شیر خان کا خدمات تک رسائی کمیشن کا دورہ،، عوام کو آر ٹی ایس کمیشن سے فائدہ اُٹھانا چاہیے، جان شیر خان
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2022ء) مایہ ناز سابق سکواش چیمپئن جان شیر خان نے خدمات تک رسائی کے کمیشن کے دورے کے موقع پر کہا ہے کہ حکومت عوام تک تمام قوانین اور خدمات کے ثمرات پہنچانے میں سنجیدہ ہے تبھی تو خدمات تک رسائی کے قانون کے تحت کمیشن قائم کیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام کو ان خدمات سے نہ صرف فائدہ اُٹھانا چائیے بلکہ اس سے معاشرے کے دیگر افراد کو بھی باخبر رکھنے میں اپنا کردار ادا کرے۔

اس سے قبل آر ٹی ایس کمیشن کے دورے کے موقع پر چیف کمشنر آر ٹی ایس و سابقہ چیف سیکرٹری سلیم خان نے دیگر کمشنرز کے ہمراہ ان کا استقبال کیا اور کمیشن کی خدمات بارے انہیں بریفنگ دی۔اس موقع پر چیف کمشنر کے علاوہ محمد روز خان سیکرٹری آرٹی ایس، حضرت مسعود میاں کمشنر آر ٹی اے اور فہیم وزیر کمشنر آر ٹی ایس بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

سابق سکواش چیمپئین کو بتایا گیا کہ خدمات تک رسائی کمیشن کا کام عوام تک سرکاری اداروں کی خدمات کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانا ہے جبکہ کوتاہی کی صورت میں متعلقہ افسران کی شنوائی ہوتی ہے اور لاپرواہی پر جُرمانے بھی عائد کیے جاتے ہیں۔

چیف کمشنر نے بتایا کہ نو سرکاری اداروں کے 41 قسم کی خدمات کی فراہمی کی اس کمیشن کے زریعے نگرانی کی جارہی ہے جس سے عوام کو کافی ریلیف ملا ہے۔ انہوں نے کہا عوام تک رسائی اور آگاہی کیلئے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا اور دیگر وسائل کو بھی بروئے کار لایا جارہا ہے۔جانشیر خان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سرکاری اداروں کی خدمات کو زیادہ سے زیادہ بروئے کار لاکر اس میں مزید بہتری لائی جاسکتی ہے اور جتنی زیادہ خدمات بروقت فراہم ہونگی اتنی ہی گورننس کے ثمرات عوام تک پہنچانے میں حکومت کی حوصلہ افزائی ہوگی۔ انہوں نے چیف کمشنر کو یقین دلایا کہ جب بھی کمیشن کو ان کی کسی بھی طرح کی خدمات درکار ہوں وہ دستیاب ہونگے۔
وقت اشاعت : 24/03/2022 - 22:22:16

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :